Wed Nov 25, 2026

آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی، ایرانی آرمی چیف سعودی دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت پر ایک ہفتے میں دوسری بار حملہ امریکہ کے ساتھ مل کر ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کر رہے ہیں، اسرائیلی وزیر جنگ کا دعویٰ دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر سمیت ہماری 4 ریڈ لائنز ہیں، محسن نقوی ایران کا زمینی محاصرہ تقریباً ناممکن ہے، عباس عراقچی اسرائیل کے غزہ میں فضائی حملے، انروا کا 35 سالہ کارکن اور 2 فلسطینی شہید قطری وزیرِ اعظم کی مارکو روبیو سے ملاقات، ایران امریکا کشیدگی کم کرنے پر تبادلہ خیال این پی ٹی سے علیحدگی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا، اسماعیل بقائی وینزویلا کے تیل کا معاہدہ: امریکی نائب صدر کیخلاف تحقیقات کا آغاز سعودی فوج کا یمن پر فضائی حملہ امریکی بیانات کے باوجود ایرانی تیل کی برآمد جاری ہے: حمید بورد ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کے شیڈو بینکنگ سسٹم کیخلاف کریک ڈاؤن، 8 افراد، 22 اداروں پر نئی پابندیاں عراق میں حضرت عزیرؑ کے مزار کا انتظام صیہونی عناصر کے حوالے کرنے کا منصوبہ ایران پر اسرائیلی وامریکی حملوں میں 623 بچے شہید ہوئے فرانس میں مسلسل چھٹے ہفتے مہنگائی کیخلاف شدید احتجاج

روزانہ کی خبریں

مسیحائے ملت، ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید(2)

تحریر: ارشاد حسین ناصر

ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید 28 ستمبر 1952ء کو عالمی مبلغ مولانا امیر حسین نقوی کے گھر پیدا ہوئے اور 7 مارچ 1995ء کی صبح لاہور کے یتیم خانہ چوک میں اسلام و وطن دشمن دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔ اس تینتالیس برس کی فانی و مادی زندگی میں شہید نے نجانے کتنے ہی کارہائے نمایاں سرانجام دیئے کہ ہم انہیں سفیر انقلاب کہتے ہوئے یاد کرتے ہیں۔ ہم انہیں روح ملت کہہ کر پکارتے ہیں، ہم انہیں مسیحائے ملت کے القاب سے نوازتے ہیں، ہم انہیں درد آشنا جانتے ہیں، ہم انہیں مبارز و مجاہد اور مرد مومن کے طور پر شناخت کرتے ہیں، وہ ہمارے قلوب میں ایسے ہی بستے ہیں، جیسے ہمارے جسم کا کوئی حصہ جس کے بغیر جسم نامکمل ہو۔

ڈاکٹر شہید کے والد مرحوم قبلہ مولانا سید امیر حسین نقوی، علامہ سید صفدر حسین نجفی کے ہم عصروں میں شامل تھے، وہ رشتہ دار بھی تھے اور ہم کار بھی، ہم فکر بھی اور ہم ساز و ہم آواز بھی۔ ان کی باتقویٰ شخصیت اور تربیت کا نتیجہ ہی تھا کہ شہید ڈاکٹر نے بچپن سے لیکر جوانی اور جوانی سے لیکر شہادت تک دینی تحریکوں اور قومی تنظیموں کی بنیاد رکھی اور اپنی خدا داد صلاحیتوں کو منواتے ہوئے لوگوں کا اعتماد حاصل کیا۔ ڈاکٹر شہید کے والد بڑے نامور عالمی مبلغ تھے، ان کی زندگی بیرون ممالک میں تبلیغات میں گزری تھی اور وہ ایک بلند پایہ شخصیت کے مالک تھے، مگر انہیں بھی اپنے بیٹے پر اس قدر اعتماد اور یقین تھا کہ انہوں نے ایک نشست میں جب ان کا تعارف ڈاکٹر صاحب کے والد کے طور پر کروایا گیا تو انہوں نے اس پر افتخار کیا اور یہ بات بھی ان کے گھر کے معتبر فرد نے بتائی کہ جب بھی شہید کو پیسوں کی ضرورت ہوتی تھی، اس کو وہ ہماری پاکٹ سے تو پورا کرتے ہی تھے، اپنے والد سے بھی لے لیتے تھے۔

ایسے ہی کسی موقعہ پر ایک بار انہوں نے قبلہ امیر حسین نجفی سے پیسے مانگے تو انہوں نے چیک بک پکڑاتے ہوئے کہا کہ جتنے ضرورت ہیں لے لو، مگر اس اکاؤنٹ میں اتنے پیسے ہیں، یہ ایک باپ کا اپنے فرزند پر بے پناہ اعتماد تھا۔ ایک موقعہ پر جب ان کے والد مریض تھے تو انہوں نے یہ بھی فرمایا تھا کہ محمد علی میری سفارش کرنا، جبکہ وہ خود ایک بے لوث مبلغ تھے، جن کی ساری زندگی دین حق کی تبلیغات میں گزری تھی۔ ڈاکٹر شہید کا یہ حال تھا کہ جب انہیں لاہور کے زینبیہ ہسپتال میں دوستان کی خواہش پر ملازمت کیلئے راضی کرکے رکھوایا گیا تو انہوں نے دوستان و رفقاء کو صرف چھ ہزار کی ضرورت بتائی تھی، مگر ہسپتال کی انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد دوستان نے یہ سات ہزار کروا دیئے تھے، مگر شہید ڈاکٹر نے وہی چھ ہزار لینے پر اکتفا کیا اور کہا کہ مجھے اتنی ہی ضرورت ہے، اتنے اس میں سے بچوں کی فیس کے ہیں اور اتنے گھر کے اخراجات کیلئے کافی ہونگے۔

ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی زندگی کا مطالعہ کریں تو یہ آشکار ہوتا ہے کہ اس مرد مومن، مجاہدِ ملت کی زندگی و کردار کا ہر پہلو رہنمائی کا عنوان ہے بلکہ یہ بات لکھتے ہوئے کوئی جھجھک محسوس نہیں ہو رہی کہ وہ ہمہ جہت آئیڈیالائز کئے جاسکتے ہیں۔ ان کی پہچان و شناخت کیلئے کس کردار کو اہمیت دی جائے یا کس کردار و عمل کو فوقیت دی جائے، بہت مشکل محسوس ہوتا ہے۔ ان کے کس کام کو بڑا کہا جائے اور کس کارنامے کو سب سے اونچے درجے پر رکھا جائے، ان کی زندگی کہ بہاریں ان کے ساتھ گزارنے یا ان کی شہادت کے بعد ان کی زندگی کا مطالعہ کرنے والے کسی محقق کیلئے بھی یہ کام خاصا مشکل لگتا ہے۔ ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید نے اوائل عمر سے ہی فعال و متحرک کردار ادا کئے ہیں۔ انہوں نے تعلیمی میدان میں بھی خود کو منوایا اور دینی و تنظیمی میدان میں بھی سرخیل کے طور پر سامنے رہے۔

انہوں نے وقار دین و علمائے دین کا بیڑا بھی اٹھایا اور انہیں مدرسوں و خانقاہوں سے باہر نکال کر سیاست کے افق پر نمایاں بھی کیا، وہ ملت کے دردوں کا درماں کرتے بھی نظر آئے اور مسیحائی جیسے پر اثر پیشے سے بھی منسلک دکھائی دیئے۔ وہ ان تھک مبارز کے طور بھی سامنے رہے اور مجاہد ملت کے طور پر ان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ وہ ایک شجاع اور دلیر شخصیت کے مالک کے طور بھی پہچان رکھتے تھے اور زیرک و دور اندیش حکمت کار کے حامل بھی دیکھے گئے۔ انہیں جاننے والوں نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فرشتہ صفت بھی کہا اور وہ عابد شب زندہ دار، قاری و دعا و مناجات خواں کے کردار میں ڈھلے بھی دیکھے گئے۔

ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید منکسر مزاج، انصاف پسند، دیانت دار، شجر سایہ دار، مقرر اثر پذیر، مفکر عمل گیر، اخلاق حسنہ کی عملی تصویر تھے۔ ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید ہمدرد، غمگسار، معاون، مددگار، محسن، متقی و پرہیزگار اور بہت ہی ملنسار تھے۔ وہ کربلا کے حقیقی پیرو تھے، انہیں صادق و سچا عاشق کربلا کہا جا سکتا ہے، جو اے کاش ہم کربلا میں ہوتے نہیں بلکہ اس کا عمل و کرادر بتائے کہ جیسے ہم کربلا میں ہیں اور اپنا کردار ادا کرنے کا موقعہ ہے، وہ راہ حسینؑ کا مسافر تھا، جس نے خمینی کی کربلا میں حسینی دعوت پر لبیک کہا اور ایک لمحہ کیلئے بھی اپنی جان کی فکر نہیں کی اور نہ ہی کسی اور رکاوٹ اور بہانے کو سد راہ بنایا۔

ڈاکٹر شہید کی زندگی بہت ہی منظم ہوتی تھی اور ان کے زندگی کے آخری چند برس تو بے حد منظم گذرے، منظم سے مراد روز مرہ کا شیڈول ہے، جو آخری ایام میں بہت باقاعدہ ہوگیا تھا۔ صبح شیخ زائد ہسپتال، اڑھائی بجے کے بعد وہاں سے دفتر تحریک یا آئی ایس او، یہاں تنظیمی شخصیات سے ملاقاتیں، باہر سے آنے والے منتظرین کے مسائل سے آشنائی و اقدامات، روابط اور یہاں سے امداد فاؤنڈیشن کے دفتر علی کمپلیکس۔ وہاں سے پانچ بجے کے قریب نجی و ذاتی ہسپتال، نو بجے کے بعد پھر کچھ ملاقاتیں اور رات گئے کسی پہر گھر، گھر میں بھی ان کا یہ عالم کہ فون کا سلسلہ اندرون و بیرون ممالک سے رات گئے تک جاری رہتا۔ اس لئے کہ اس دور میں موبائل فون کا زیادہ چلن نہیں ہوا تھا۔

ان کے گھر کا نمبر ہر ایک تنظیمی کو زبانی یاد ہوتا تھا، جسے بھی کوئی مسئلہ ہوتا تو اسے بلا جھجھک کسی بھی وقت فون کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہوتی تھی، شائد اس کیوجہ یہی تھی کہ ان کی زندگی میں لاہور کی سطح پر بالخصوص اور پاکستان بھر میں بالعموم کسی بھی تنظیمی کو کوئی بھی مشکل پیش آتی، کوئی مسئلہ درپیش ہوتا تو ہر ایک کے ذہن میں ایک ہی نام آتا۔۔ وہ نام شہید ڈاکٹر کا ہی تھا، لاریب وہ ہر ایک کی امید تھے، ہر مسئلہ کے حل کی کلید تھے، ان کے ہوتے مایوسی ہرگز نہیں ہوتی تھی بلکہ ان کے ہوتے ہوئے نوجوان بڑے سے بڑا رسکی کام بھی کر گزرتے کہ اگر کوئی مسئلہ درپیش ہوا تو ڈاکٹر صاحب ہیں نا۔

ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید زندگی میں ایک ایسے محور کی حیثیت رکھتے تھے، جس کے گرد ملک بھر کے تنظیمی نوجوان کھنچے چلے آتے تھے۔ ان کی مقناطیسی شخصیت کی کشش سے ہر کوئی ان سے مربوط رہتا تھا اور ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کا یہ کمال تھا کہ وہ ہر ایک سے اس کی صلاحیتوں کے مطابق کام لیتے تھے۔ کسی کو بیکار نہ رہنے دیتے تھے۔ گویا ان کی ذات کی شکل میں تنظیمی مسئولین و سابقین کا ایک نیٹ ورک موجود تھا۔ ان کی شہادت کے بعد ہم اس مقناطیسیت سے محروم ہوگئے اور سابقین کا کوئی نیٹ ورک بھی قائم نہ کرسکے، نہ ہی کوئی ایسی شخصیت ابھر کر سامنے آسکی، جس پر شہید ڈاکٹر کی طرح سب احباب و دوست اعتماد کرتے اور وہ شخصیت بھی اپنے مستقبل کی قربانی دے کر قومی اجتماعی جدوجہد اور اسلامی تحریک کو مضبوط کرتی۔ وقت آج بھی ہمیں پکار رہا ہے۔ آج بھی کام کرنے کی شدید ضرورت ہے، آج بھی سعادت و خوش بختی کا اور شہداء کا راستہ منتظر ہے کہ کوئی محمد علی نقوی بن کر آئے اور چھا جائے۔ آخر میں تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہوئے یہی کہوں گا کہ
میرے خیال نے جتنے بھی لفظ سوچے ہیں
تیرے مقام، تیری عظمتوں سے چھوٹے ہیں

مزید پڑھیے

Most Popular