Wed Nov 25, 2026

آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی، ایرانی آرمی چیف سعودی دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت پر ایک ہفتے میں دوسری بار حملہ امریکہ کے ساتھ مل کر ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کر رہے ہیں، اسرائیلی وزیر جنگ کا دعویٰ دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر سمیت ہماری 4 ریڈ لائنز ہیں، محسن نقوی ایران کا زمینی محاصرہ تقریباً ناممکن ہے، عباس عراقچی اسرائیل کے غزہ میں فضائی حملے، انروا کا 35 سالہ کارکن اور 2 فلسطینی شہید قطری وزیرِ اعظم کی مارکو روبیو سے ملاقات، ایران امریکا کشیدگی کم کرنے پر تبادلہ خیال این پی ٹی سے علیحدگی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا، اسماعیل بقائی وینزویلا کے تیل کا معاہدہ: امریکی نائب صدر کیخلاف تحقیقات کا آغاز سعودی فوج کا یمن پر فضائی حملہ امریکی بیانات کے باوجود ایرانی تیل کی برآمد جاری ہے: حمید بورد ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کے شیڈو بینکنگ سسٹم کیخلاف کریک ڈاؤن، 8 افراد، 22 اداروں پر نئی پابندیاں عراق میں حضرت عزیرؑ کے مزار کا انتظام صیہونی عناصر کے حوالے کرنے کا منصوبہ ایران پر اسرائیلی وامریکی حملوں میں 623 بچے شہید ہوئے فرانس میں مسلسل چھٹے ہفتے مہنگائی کیخلاف شدید احتجاج

روزانہ کی خبریں

مسیحائے ملت، ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید(1)

تحریر: ارشاد حسین ناصر

یہ 7 مارچ 1995ء کی ایک المناک صبح تھی، تقریباً پونے آٹھ بجے ڈاکٹر محمد علی نقوی اپنی رہائش گاہ حسین اسٹریٹ بھلا اسٹاپ سے ہسپتال جانے کیلئے نکلے۔ عید الفطر کے باعث آپ نے اپنے حفاظتی عملہ کو چھٹیاں دے دی تھیں۔ فقط آغا تقی حیدر جو لاہور کے نواحی علاقہ امامیہ کالونی سے تعلق رکھتے تھے، آپ کے ہمراہ تھے اور ہمیشہ کی طرح فرنٹ سیٹ پر الرٹ بیٹھے تھے۔ ڈاکٹر محمد علی نقوی اپنی منی پجارو جیپ جس کا نمبرQAD 3428 سلور کلر کو خود ڈرائیو کر رہے تھے۔ ان دنوں یتیم خانہ چوک سے ساہیوال کیلئے ٹیوٹا ہائی ایس گاڑیاں نکلتی تھیں، جس کی وجہ سے لاہور کا یہ مصروف ترین چوک ہمیشہ ٹریفک کے مسائل سے دوچار رہتا تھا۔ چوک سے تھوڑا پہلے ویگن اسٹینڈ کے پاس الٹے ہاتھ پر گلی مڑتی ہے اور گلی کی عین نکڑ پر اخبارات اور کتابوں کا اسٹال لگا ہوتا تھا۔

گھر سے یہاں تک کا فاصلہ بمشکل دو کلومیٹر ہوگا، آپ کی گاڑی جیسے ہی اس ویگن اسٹینڈ کے سامنے پہنچی، بک اسٹال کے پاس کھڑے دہشت گردوں نے سامنے آکر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ بعض عینی شاہدین کے مطابق ان کی تعداد پانچ تھی اور یہ دو طرف سے گاڑی پر فائرنگ کر رہے تھے، جبکہ ان میں سے دو دہشت گرد اندھا دھند ادھر ادھر بھی فائرنگ کر رہے تھے، تاکہ موقع پر موجود لوگ ان کی دہشت اور رعب میں آجائیں۔ کلاشنکوفوں سے کی جانے والی اس اندھا دھند فائرنگ سے ڈاکٹر محمد علی نقوی اور ان کے محافظ آغا تقی حیدر سنبھل ہی نہ پائے۔ اس کے باوجود دہشت گردوں کا ایک ساتھی گاڑی کے بونٹ پر چڑھ کر بھی نشانہ لے رہا تھا۔ جب دہشت گردوں کو یقین ہوگیا تو وہ فائرنگ کرتے ہوئے بڑے آرام سے فرار کر گئے۔

اس وقت پنجاب میں میاں منظو احمد وٹو وزیراعلیٰ تھے، جنہوں نے تکفیری جماعت کے ایک ایم پی اے شیخ حاکم علی کو مشیر بھی بنا رکھا تھا۔ نوے کے عشرے میں فرقہ پرست دہشت گردوں نے ملک کے بہت سے شہروں میں اہل تشیع کے چنیدہ افراد کو ٹارگٹ کلنگ میں شہید کیا۔ یہ لوگ اس قدر کھلے عام یہ کام کرتے اور برملا اسے تسلیم کرتے، اس وقت القاعدہ اور داعش یا تحریک طالبان نامی گروہ سامنے نہیں آئے تھے۔ اس وقت تک خودکش دھماکوں کا چلن بھی شروع نہیں ہوا تھا، بلکہ کہیں بھی دہشت گردی ہوتی تو کلاشنکوفوں سے فائرنگ کی جاتی یا ہینڈ گرنیڈ پھینکے جاتے تھے۔ بہت زیادہ ہوا تو پلانٹڈ بم بھی رکھے جاتے تھے، جو بہت کم ہوتے تھے۔ البتہ یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ پاکستان بھر میں یہی فرقہ پرست ہی دہشت گردی کا بازار گرم کئے ہوئے تھے۔ یہ کہا جا سکتا ہے کہ جن لوگوں نے بعد میں دیگر متذکرہ بالا تنظیموں کو افرادی قوت فراہم کی، وہ یہی گروہ تھا۔ اسی وجہ سے تشیع کو اب تک نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اس فانی و مادی دنیا میں آنے والے ہر انسان کی شناخت و پہچان اس کا کردار و عمل ہی ہوتا ہے۔ جب سے کائنات وجود میں آئی ہے، کروڑہا انسان آئے اور چلے گئے۔ ان چلے جانے والوں میں اکثر کی خاک بھی نہیں ملتی، مگر ان چلے جانے والوں میں سے بہت سوں کے کردار و اعمال ہمارے لئے مثال کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہم ان کے ناموں کے ساتھ ان کے کرداروں کو اکثر اپنی باتوں، اپنے خطابات، اپنی تقاریر و تحاریر میں بہ طور استعارہ و مثال استعمال بھی کرتے ہیں۔ اس میں اچھے اور برے ہر دو طرح کے کردار ہوسکتے ہیں۔ البتہ اچھے کردار و اعمال والوں کو اچھائی اور برے اعمال و کردار والے کرداروں کو بری مثالوں کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ یوں کہہ لیجئے کہ اچھے کردار والے لوگ بہ طور رہنماء، راہ عمل سامنے رہتے ہیں اور برے اعمال والے کردار اپنے ناموں کے ساتھ بدکردار کے طور پر اور نفرین کے ساتھ پیش نظر رہتے ہیں۔

آج جب دنیا کی آبادی اربوں میں ہوچکی ہے، ان ارب ہا انسانوں میں کتنے لوگ ہیں، جو اپنی کوئی منفرد شناخت بنا پاتے ہیں اور پھر اچھے کرداروں کے ساتھ مثالی اور آئیڈیل کے طور پر اپنی زندگی یا موت کے بعد یاد رکھے جاتے ہیں۔ عمومی طور پر ہم نے دیکھا ہے کہ ان پہچان بن جانے والوں کی پہچان کا کوئی ایک ہی زاویہ اور پہلو ہوتا ہے۔ کوئی ایک شعبہ زندگی، کوئی ایک سیکٹر، کوئی ایک کردار ان کو یاد و شناخت کا ذریعہ بنا دیتا ہے۔ ان کا کردار یا ان کی سوچ و فکر یا ان کی ایجاد، یا ان کا کوئی بڑا کام انہیں لوگوں میں نقش کر دیتا ہے۔ لوگ انہیں کتابوں کی صورت پڑھتے ہیں اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔
چھوڑ جاتے ہیں جو نقوش قدم
ایسے رہبر مرا نہیں کرتے

شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی بھی ہم سب کیلئے ایسے ہی نمونہ عمل تھے۔ وہ بھلائے نہیں بھلائے جا سکتے۔ ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید ہماری ملت کے سرخیل اور ملت کے خلاف جاری استعماری جنگ میں ہمیشہ خط مقدم پر رہنے والے تھے۔ انہوں نے اپنی تمام زندگی ملت تشیع بالخصوص نوجوانوں کی تعلیم و تربیت، شعور کی بیداری، تحرک، رفاہ و فلاح، مسائل و مصائب کے حل، قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیتے ہوئے، دن رات ایک کئے رکھا اور ایک پروفیشنل ڈاکٹر ہونے کے باوجود علماء سمیت ہر طبقہء فکر کیلئے نمونہ قرار پائے۔ انہیں بہت سے اعزاز حاصل ہیں۔ بہرحال ہم ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کو سالار شہداء سمجھتے ہوئے ان کی یاد منا کر ان کے کارہائے نمایاں اور ایثار و قربانیوں کو یاد کرکے اپنے اندر تحرک و تحریک محسوس کرتے ہیں۔

یہ کیا کم ہے کہ وہ لوگ جو شہید ہوگئے، اپنی شہادت کے بعد بھی ہمارے تحرک و بیداری کا باعث بنتے ہیں، حالانکہ ہمیں ایسی قیادتیں اور لیڈران بھی ملتے ہیں، جن کے وجود سے تحرک و بیداری تو نہیں مایوسی و بددلی کا احساس ضرور جنم لیتا ہے اور انسان ان کی رہنمائی پا کر کسی منزل کی جانب بڑھنے کے بجائے اپنا راستہ ہی بھلا بیٹھتا ہے، جبکہ ڈاکٹر شہید ایسی شخصیت نے اتنے زیادہ کام کئے ہیں کہ انہیں کسی بھی طور فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وہ اپنے خلوص، اپنے کام اور اپنی بے لوث خدمات کے باعث ہی یاد رکھے جاتے ہیں، ان کی عظمت کا اقرار کرتے ہوئے ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ
میرے قبیلہ سرکش کا تاجور ہے وہ شخص
بڑھے جو دار کی جانب پیغمبروں کی طرح

جو لوگ شہید کیساتھ کام کرچکے یا جنہوں نے انہیں کام کرتے ہوئے دیکھا ہے، یا یوں کہہ لیجئے کہ جو شہید ڈاکٹر کے زمانے کے لوگ ہیں، وہ بخوبی جانتے ہیں کہ شہید کا اوڑھنا بچھونا، سونا جاگنا، چلنا پھرنا سب کچھ اسلام ناب محمدی کی تبلیغ، ترویج اور عملی نفاذ کیلئے تھا۔ وہ بت شکن زمان حضرت امام خمینی کے سچے اور عملی فدائی تھے۔ وہ واحد پاکستانی تھے، جنہوں نے اپنے عمل سے انقلاب اسلامی اور نظریہ ولایت فقیہ سے اپنے اخلاص کو دوسروں پر ثابت کیا۔ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی کی ذات سے ان کے عشق اور محبت کیلئے صرف دو مثالوں سے استفادہ کرتا ہوں۔ نوزائیدہ انقلاب اسلامی ایران پر جب امریکہ نے اپنے ایجنٹ صدام کے ذریعے حملہ کیا تو اسے امریکہ، نیٹو سمیت تمام عرب ممالک کی مدد حاصل تھی۔ ستاون ممالک صدام کے ساتھ ملکر ایران کو فتح کرنے کا منصوبہ بنا چکے تھے۔

اس موقعہ پر امام خمینی کی الہٰی شخصیت کی زبان سے نکلے ہوئے الفاظ اسلام محمدی سے عشق کرنے والوں کیلئے صبح امید کی حیثیت رکھتے تھے۔ یہ سب ایران اور ایران سے باہر امام خمینی کے سچے اور کھرے عاشق اور فدائی تھے، جنگ تحمیلی کے دوران امام خمینی نے جہاد کی فرضیت بارے کوئی فتوٰی نہیں دیا۔ ہاں بس اتنا کہا کہ جو بھی استطاعت یا طاقت رکھتا ہے، وہ جبھہ یعنی محاذ پر جائے۔ پاکستان جو ایران کا ہمسایہ ملک ہے اور انقلاب اسلامی ایران کو پسند کرنے والوں کی یہاں بھی بڑی تعداد موجود تھی، ان پاکستانیوں میں سے جس شخصیت نے امام خمینی کی اس خواہش کو سنا اور اسے پورا کرنے کی کوشش کی، وہ ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید تھے، جو اپنے چند رفقاء کے ہمراہ جبھہ (محاذ) پر پہنچ گئے تھے۔

انہوں نے محاذ جنگ پر بے انتہاء خدمات سرانجام دیں، وہ ڈاکٹر تھے، جن کی محاذ جنگ پر اشد ضرورت ہوتی ہے۔ ان کی خدمات کو اہل ایران ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وہ انقلاب کی چکا چوند دیکھ کر انقلابی نہیں ہوئے تھے بلکہ انہوں نے ستر کے اوائل میں امام خمینی (رہ) سے وابستگی اختیار کی تھی، جب دنیا کو انقلاب کے بارے میں گمان بھی نہیں تھا۔ شاید اس وقت بہت سے ایسے، جو بعد میں انقلابی بن گئے، انقلاب کا نام لینے والوں کو دیوانہ کہتے تھے۔ سانحہ مکہ ہوا تو آل سعود کی طرف سے اہل ایران پر حج کی پابندی لگا دی گئی۔ لبنان کے جوانوں پر بھی عمر کے حساب سے پابندیاں لگائی گئیں۔ امام خمینی کی خواہش تھی کہ حج پر حسب دستور دنیا بھر سے آئے ہوئے حجاج کرام کو اصل حج یعنی براءت از مشرکین کا پیغام یاد کروایا جائے۔

وہ پیغام جس کو پہنچاتے ہوئے چار سو سے زیادہ حجاج نے اپنے خون کی قربانی دی تھی اور جائے امن پر جہاں ایک چیونٹی کو مارنا بھی منع کیا گیا ہے، کو بلا جواز، بلا جرم و خطا خاک و خون میں غلطاں کیا گیا تھا۔ اس پیغام کو پہنچانے کا انتظام و انصرام اور ذمہ داری فدائے امام خمینی ڈاکٹر محمد علی نقوی کے حصہ میں آئی۔ ڈاکٹر محمد علی نقوی نے تمام تر رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود اس پیغام امام کو احسن طریقہ سے حجاج کرام تک پہنچایا۔ سعودی جابر و ظالم حکومت کو جب اس کارروائی کا علم ہوا تو فوری حرکت میں آئی اور تلاش کرتے کرتے ڈاکٹر محمد علی نقوی تک پہنچ گئے۔ اس موقعہ پر آپ اسیر ہوئے، انہیں سزائے موت کا حکم ہوا، مگر انہیں خدا نے مزید کام کا موقعہ دیا اور وہ رہا ہوگئے۔ میں تو انہیں آج ان کی برسی کے ایام میں یاد کرکے یہی کہوں گا۔۔۔
رونق تو وہی ہے پھر بھی جیسے
اک شخص کی شہر میں کمی ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مزید پڑھیے

Most Popular