
دی ہیگ: انسانی حقوق کی تنظیم ہیومین رائٹس واچ ۔ایچ آر ڈبلیو نے عالمی فوجداری عدالت کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ عدالت کو درپیش خطرات کو دور کریں۔ دی ہیگ میں آئی سی جی کی اسمبلی آف اسٹیٹس پارٹیز کے سالانہ اجلاس سے پہلے جاری بیان میں ایچ آر ڈبلیو نے کہاکہ جب سے صیہونی رہنماؤں کے وارنٹ جاری کئے ہیں اس وقت سے آئی سی سی سخت دباؤ میں ہے۔ اس میں امریکی قانون سازوں کی دھمکیاں بھی شامل ہیں جنہوں نے کہا تھا کہ وہ آئی سی سی حکام اور عدالت کے ساتھ تعاون کرنے والوں پر پابندیاں عائد کریں گے۔ ہیومن رائٹس واچ کی بین الاقوامی انصاف کی ڈائریکٹر لِز ایونسن نے کہا کہ آئی سی سی کے وارنٹ چاہے پیوٹن کے خلاف ہوں یا نیتن یاہو کے خلاف ہوں واضح پیغام دیتے ہیں کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے رکن ممالک کو سالانہ اجلاس میں تمام ضروری اقدامات کا عہد کرنا چاہیے تاکہ انصاف کے لیے آئی سی سی کا کام بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے۔


































