
مناما : بحرین میں سعودی فوجی مداخلت کو 11 سال مکمل ہوگئے۔ اس موقع پر عوام نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا۔ غاصب سعودی فوجی 15 مارچ 2011 کو بحرینی عوام کی سرکوبی اور آل خلیفہ حکومت کو بچانے کی غرض سے بحرین میں داخل ہوئے تھے بحرین کی جمعیت الوفاق نے تصاویر کے ساتھ ٹوئٹ کی کہ بحرینی عوام نے انقلاب کی سالگرہ اور سعودی فوجیوں کی جارحیت و مداخلت کی برسی کی مناسبت سے وسیع پیمانے پر مظاہرہ کیا۔ الدراز کے نوجوانوں کی تحریک نے بھی تصاویر کے ساتھ اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ مختلف علاقوں کے عوام نے سعودی فوجی مداخلت کی گیارہویں برسی کی مناسبت سے وسیع پیمانے پر مظاہرہ اور شہیدوں سے اپنی وفاداری کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ بحرینی عوام فروری 2011 سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں- وہ آزادی، عدل و انصاف کے قیام اور امتیازی سلوک کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن آل خلیفہ کے کارندوں نے ہمیشہ ان کے پرامن مظاہروں کو کچلا اور تشدد و جارحیت کا نشانہ بنایا۔


































