
تہران : ایران کی عبوری قیادت کونسل کے رکن آیت اللہ علیرضا اعرافی نے کہا ہے کہ ولی امر مسلمین کی شہادت اسلامی جمہوریہ کو مزید وقار اور عظمت کی طرف گامزن کرے گی۔ آیت اللہ علیرضا اعرافی نے کہا کہ ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت اسلامی جمہوریہ کیلئے ایک نئی تحریک اور بلند اہداف کے حصول کا ذریعہ بنے گی۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ایران کے آئین کے آرٹیکل ایک سو گیارہ کے تحت عبوری قیادت کونسل تشکیل دی گئی ہے جو باقاعدہ اجلاسوں کے ذریعے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کی خبر نے عالم اسلام میں لرزہ طاری کر دیا اور دنیا بھر کے مسلمانوں اور ایرانی قوم کو گہرے صدمے سے دوچار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ رہبر انقلاب نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری فوجی محاذ آرائی کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دی تھی۔ آیت اللہ علیرضا اعرافی نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج عظیم ایرانی قوم کے ساتھ مل کر ایک نہایت وحشیانہ جارحانہ جنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے قومی استقامت پر مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا اور خطے کی مزاحمتی جماعتوں اور دنیا کے آزاد عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔


































