
کابل: ترکی اور قطر کی بجائے افغانستان میں تین ہوائی اڈوں کا انتظام سنبھالنے کے لیے افغان طالبان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی کمپنی کے درمیان معاہدہ ہوا ہے۔ نائب وزیرِ اعظم ملا عبدالغنی برادر اور دیگر حکام کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ طالبان حکومت کے عبوری نائب وزیرِ اعظم نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا کہ ہوائی اڈوں کی گراؤنڈ سروسز کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یو اے ای کی کمپنی جی اے اے سی، کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ، قندھار اور ہرات کے ہوائی اڈوں کی گراؤنڈ سروسز سنبھالے گی۔معاہدے کے موقع پر ملا عبدالغنی برادر کا کہنا تھا کہ امارات اسلامی افغانستان ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تمام بین الاقوامی ایئرلائنز سے معاہدے کے ساتھ طالبان افغانستان میں امن لائیں گے جس سے تجارت میں اضافہ ہوگا۔اسلامی امارت افغانستان کے حکام اور امارات سے تعلق رکھنے والی کمپنی جی اے اے سی کے درمیان کابل، ہرات، قندھار اور مزارِ شریف کے ہوائی اڈوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی سسٹم اور گراؤنڈ ہینڈلنگ سروسز کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔جی اے اے سی کمپنی طالبان کے کابل پر قبضے سے قبل کابل ایئرپورٹ کے گراؤنڈ آپریشنز دیکھتی تھی۔


































