
The heartbreaking death of 50 children in an orphanage in Khartoum sudan
خرطوم : سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے یتیم خانے میں غذائی قلت سے پچاس بچوں کی اموات نے دل دہلادئے۔ سوڈان میں فوج اور نیم فوجی ملیشیا آر ایس ایف کے درمیان لڑائی المیہ بن کر سامنے آرہی ہے۔ لڑائی کی وجہ سے دارالحکومت خرطوم میں شدید غذائی قلت پیدا ہوگئی۔ جنگ بندی کے باوجود کھانے پینے کی اشیا کی رسد بحال نہیں ہوسکی۔ غذائی اشیا کی قلت کا شکار معصوم بچے بھی ہورہے ہیں۔ ایسا ہی ایک بڑا سانحہ یتیم خانے دارالمیگوما میں پیش آیا ہے جہاں لڑائی چھڑنے کے بعد سے اب تک پچاس بچے موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔میڈیکل ڈائریکٹر عبیر عبد اللہ نے بتایا کہ 13 بچے تو جمعہ کو جان سے گئے۔ بچوں کی موت کی وجہ غذا اور پانی کی قلت اور انفیکشن ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شیرخواروں کو ہر تین گھنٹے بعد دودھ پلانے کی ضرورت تھی مگر وہاں دودھ پلانے والا کوئی موجود نہیں تھا۔ بستروں پر بچوں کے موت کے منہ میں جانے کے مناظر انتہائی خوفناک تھے۔ بستروں پر ننھی نعشیں پڑی دیکھنا انتہائی تکلیف دہ تھا۔ حکومتی ٹیم نے المناک سانحہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔


































