تحریر: علامہ ناصر عباس جعفری
ہمیں اپنی قوم کو سلام کرنا چاہیئے، اس کے شعور کو سلام کرنا چاہیئے، اس کی بصیرت کو سلام کرنا چاہیئے۔ اسے فرقہ واریت کے عفریت کے آگے، دہشت گردی کے جلادوں کے سامنے، ہاتھ پاؤں باندھ کر ہمارے ذمہ داروں نے پھینکا۔ عوام کے درمیان نفرت کی دیواریں کھڑی کیں۔ لسانی، قومی اور مذہبی تعصب کے ذریعے قوم و ملت کو تقسیم کیا۔ اسے ٹکڑوں میں بانٹا اور پھر ثقافتی یلغار کے ذریعے ان کی ہویت اور شناخت کو مخدوش کرنے کی منظم کوشش کی۔ معاشی مشکلات مزید برآں ہیں۔ پاکستانی قوم کو یہ تلقین کرتے رہے کہ یہاں کوئی شے ٹھیک نہیں ہوسکتی۔ مایوسی پھیلاتے رہے، تاکہ مایوسی کے ذریعے انہیں اپاہج کر دیں، انھیں مایوسی اور ناامیدی کے وینٹیلٹر پر رکھا جائے، لیکن ان کے یہ سب حربے ناکام ہوگئے۔
آج پاکستان میں آزادی و حریت کی طاقتور آواز بلند ہے۔ لوگوں کے چہروں پر امید کے شگوفے کھلتے دکھائی دے رہے ہیں۔ لوگ ہر قسم کی معاشی مشکلات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے، عالمی استکبار امریکہ کے مقابل نکل آئے ہیں۔ واقعاً ہماری قوم کس قدر عظیم قوم بننے کے عمل سے گزر رہی۔ سر اٹھا رہی ہے، حرکت میں آگئی ہے، منزل کی طرف گامزن ہے۔ وہ کہہ رہی ہے کہ ہمیں امریکہ کی غلامی منظور نہیں اور غلامی کے آثار و نشان مٹانے نکل پڑی ہے، لیکن مایوس لوگ، پست لوگ، حقیر لوگ، احساس کمتری کا شکار لوگ، مکھی صفت لوگ اسی کوشش میں رہتے ہیں کہ اس حساس وقت میں "مداری کی طرح کرتب دکھا کر” انہیں دھوکہ دیں۔ کبھی یہ احمق یہ نسخہ تجویز کرتے ہیں کہ گھروں میں بیٹھ جاؤ۔ کوئی بوٹ پالشیا چیری بلاسم مولوی "فوجی جمہوریت” کا نسخہ تجویز کرتا ہے۔ اس وقت اس کے منہ سے نفرت کی جھاگ کے تعفن میں گندھے ہوئے الفاظ، خود اسے بے نقاب کر رہے ہیں۔
اس وقت پاکستانی قوم کا نیا جنم ہے۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے آزادی کی طلب، حریت، استقلال، عزت نفس، کرامت انسانی، غلامی سے نفرت اور غیرت مندی کو انسان کی پاک فطرت میں رکھا ہے۔ یہ وہ خوب صورت آہنگ اور ساز ہے، جسے اگر چھیڑا جائے تو زن و مرد پیر و جوان حرکت میں آتے ہیں اور مستانہ وار میدان عمل میں قدم رکھتے ہیں۔ آزادی کے دشمنوں، غلامی کے سوداگروں اور کرپشن کے قارونوں اور مذہبی بلعم باعوروں کے مدمقابل کھڑے ہو جاتے ہیں۔ اس وقت پاکستان اپنی تاریخ کے اہم موڑ سے گزر رہا ہے۔ پاکستان کے غیرت مند، باشعور اور دلیر عوام "میدان عمل میں حضور” کے وقت، میدان میں موجود ہیں۔ آزادی اور استقلال اور we can do کے مستانہ نعرے کانوں میں رس گھول رہے ہیں۔ امریکہ کے رعب و ہیبت اور تکبر و غرور کو پاؤں تلے روند رہے ہیں۔ غلامی کی زنجیروں کو توڑے رہے ہیں۔
گویا پاکستانی قوم و ملت کا یہ نیا جنم ہے، خوبصورت اور زیبا تولد ہے۔ امام خمینیؒ نے 42 سال پہلے کہا تھا کہ امریکہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا ہے، وہ ایک کاغذی شیر ہے۔ یہ آواز ملت پاکستان کے لاشعور میں موجود تھی۔ آج پاکستانی کی قوم کا بچہ بچہ یہ کہہ رہا ہے کہ ہم امریکہ سے نہیں ڈرتے، امریکہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، ہم بھوکے رہ لیں گے، لیکن اپنے وطن کی سالمیت اور اپنی آزادی پر کوئی سودے بازے نہیں کریں گے۔ اس وقت کراچی میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ایک پیغام رکھتا ہے کہ ہم حاضر ہیں، موجود ہیں، غائب نہیں اور مایوس بھی نہیں، لہذا سازشیں کرنے والے سن لیں کہ اگر تم نے کوئی غلط کرنے کی کوشش کی تو پھر تمھیں عوام کے قہر و غضب سے کوئی نہیں بچا سکے گا اور وطن عزیز پاکستان میں تمھیں چھپنے کو جگہ نہیں ملے گی۔ تم اگر چوہوں کی طرح چھپنا بھی چاہو گے تو نہیں چھپ سکو گے۔
منزل تک رسائی کے لئے، حقیقی آزادی کو پانے کے لئے، امپورٹڈ حکومت سے نجات کے لئے تمام پاکستانیوں کو متحد رہنے کی ضرورت ہے، شیعہ ہوں یا سنی یا ہمارے غیر مسلم پاکستانی بھائی، سب کو متحد رہنا ہے، پاکستان بنانے کی تحریک کی یاد کو ایک بار پھر زندہ کرنا ہے، پاکستان کو بچانے اور اسے ایک آزاد ملک بنانے، ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے، "ایک ہوکر” جدوجہد کرنا ہوگی، لہذا کل سارے پاکستان رات کے وقت سب گھروں سے باہر نکلیں، ہاتھوں میں پاکستان کا پرچم ہو، زبان پر یہی نعرہ ہو، "امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے۔” اس وقت سب کو اس موومنٹ میں شریک ہونا چاہیئے۔ یہ پاکستانی قوم کا احتجاج ہے، عوام ہر قسم کی پارٹی کے تعلق سے بالاتر ہو کر میدان میں نکل آئے ہیں

































