
کراچی (پ ر) تحریک آزادی القدس پاکستان کی جانب سے گزشتہ دنوں پاکستان سے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل تک کھانے کی تجارت اور سرزمین پاکستان پر اسرائیلی نواز افراد کے مسلسل بانی پاکستان کے اسرائیل مخالف نظریہ کی توہین کیخلاف پریس کلب کراچی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرہ میں آئی ایس او کراچی کے صدر دیباج عابدی، رہنماء پی ٹی آئی اسرار عباسی، سابق ایم این اے ایم کیو ایم پاکستان محفوظ یار خان، صدر جمیعت علماء پاکستان قاضی احمد نورانی، مرکزی رہنماء شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ناظر عباس تقوی، سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کراچی مولانا صادق جعفری اور جنرل سیکریٹری فلسطین فاونڈیشن پاکستان ڈاکٹر صابر ابو مریم نے شرکت کی اور خطاب کیا۔مظاہرہ میں شرکاء نے اسرائیل مخالف پلے کارڈز اور فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ اپنے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ سرزمین پاکستان سے غاصب صیہونی ریاست تک کھانے پینے کی اشیاء سے بھرا کنٹینر جانا جہاں تشویشناک ہے وہی حکومت وقت کے اوپر کئی سوالیہ نشان بھی کھڑے کررہا ہے ایسا کیسے ممکن ہے کہ حکومت یا حکومتی ادارے اس غیر آئینی عمل سے ناواقف ہوں، مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کچھ عرصہ سے دیکھنے میں آرہا ہے کہ چند پاکستانی شہریت رکھنے والے اسرائیل نواز افراد اسرائیل سے روابط و تعلقات بنانے کی باتیں کررہے ہیں اور سوشل میڈیا سمیت مختلف مقامات پر اس کا اظہار بھی کررہے ہیں ایسے افراد کے خلاف نہ صرف قانونی کارروائی کی جائے بلکہ انہیں سخت سزا دے کر عبرت بنایا جائے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق اس کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے اور ایسی تمام قوتوں کو متنبہ بھی کرتے ہیں کہ جب تک سرزمین پاکستان پر قائد اعظم محمد علی جناح کے معنوی فرزند موجود ہیں تب تک کسی میں اتنی جرآت نہیں کہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی قاتل صیہونی حکومت کو قبول کرے۔مقررین کا مزید کہنا تھا کہ ہر سال کی طرح اس سال ایک بار پھر پاکستان میں جمعتہ الوداع یوم القدس کا روز ثابت کرے گا اور دنیا دیکھی گی کہ پاکستانیوں کے دل ہمہ وقت مظلوم فلسطینی و کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستانی عوام کسی صورت اس ظالم صیہونی ریاست کو قبول نہیں کریں گی۔


































