
پشاور : جماعت اسلامی پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو موصول ہونیوالے امریکی دھمکی آمیز خط کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ جوڈیشل کمیشن تشکیل دے۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے مطابق سیاسی جماعتیں الیکٹورل ریفارمز کیلئے آپس میں مذاکرات کا آغاز کریں۔ الیکٹیبلز نے 74 برسوں سے سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ ملک میں دھونس، دھاندلی اور دولت کے زور پر الیکشن لڑے جاتے ہیں۔ تینوں بڑی جماعتیں ملک میں قانون، عدل و انصاف کی حکمرانی قائم نہیں کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ ثابت ہو گیا چہروں کے بدلنے سے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے قرآن و سنت کی حکمرانی قائم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قوم میں تقسیم خطرناک صورتحال اختیار کر چکی ہے۔ سیاسی و جمہوری قوتیں اس تقسیم کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن کیلئے انتخابی اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں۔


































