
غزہ: لبنان اور غزہ سے راکٹ حملوں کے جواب میں صیہونی فورسز نے غزہ کی پٹی پر بڑا حملہ کردیا۔ صیہونی فورسز نے غزہ میں مختلف مقامات کو فضائی اور میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔ بیت حنون میں زرعی اراضی، غزہ شہر کے جنوب میں دو مقامات۔ الزیتون محلے اور خان یونس کا مشرقی علاقہ پر حملہ کیا گیا۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے غزہ میں دو سرنگوں اور دو ہتھیاروں کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اس سے پہلے مسجد اقصیٰ کی بیحرمتی کے جواب میں لبنان اور غزہ سے صیہونی ریاست پر راکٹوں کی بارش کی گئی۔ راکٹوں کا ہدف مغربی الجلیل میں یہودی بستیاں تھی۔ راکٹوں کے ٹکڑے لگنے سے دو اسرائیلی زخمی ہوئے۔ جبکہ مقامی مارکیٹ میں آگ لگ گئی۔ اسرائیلی میڈیاکے مطابق لبنان کی جانب سے 30 راکٹ داغے گئے ۔ان میں سے بیشتر کو روک لیا گیا جبکہ 5 اسرائیلی علاقوں میں گرے۔ اس کے جواب میں اسرائیلی توپ خانے نے لبنانی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج نےصورت حال کو انتہائی سنگین قراردیا ہے اور فریقین سے تحمل سے کام لینے پر زور دیا ہے۔ اس سے پہلے غزہ کی پٹی سے بھی اسرائیل پر راکٹ حملے کیے گئے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ غزہ سے فائر کیے نو راکٹوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے راکٹ حملوں کا ذمہ دار فلسطینی گروپ حماس کو قرار دیا ہے۔


































