
دوحہ : حماس نے مغربی کنارے میں صیہونی آباد کاروں کے حملے کھلی جنگ قرار دیتے ہوئے ان کیخلاف قومی سطح پر تحریک شروع کرنے پر زور دیا ہے۔ ۔حماس کے سیاسی ونگ کے رکن حسام بدران نے کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے حملے اس بات کی تصدیق ہیں کہ مسلح آباد کاروں کی کارروائیاں کھلی جنگ میں بدل چکی ہیں۔ اس جنگ کا مقصد اپنی زمین پر فلسطینی عوام کے وجود کو نشانہ بنانا اور ایک خطرناک حقیقت مسلط کرنا ہے۔ حسام بدران نے ایک بیان میں متاثرہ علاقوں میں موجود فلسطینیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان نوجوانوں اور عوامی گروپوں کی جرات و بہادری کو سراہا جو آباد کاروں کے حملوں کا مقابلہ کر رہے ہیں اور اپنے گاؤں و املاک کا دفاع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال فوری طور پر ایک قومی تحریک کا تقاضا کرتی ہے تاکہ اسرائیلی حکومت کی سرپرستی میں منظم دہشت گردی کا مقابلہ کیا جاسکے۔۔


































