
تل ابیب : صیہونی حکومت نے پولیس کو بغیر وارنٹ فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارنے کی اجازت دیدی۔ اسرائیل کی پارلیمنٹ کنیسٹ نے گذشتہ رات ہنگامی طور پرعارضی قانون سازی کی ہے۔جس کے تحت پولیس افسران غیر قانونی ہتھیاروں کی تلاشی کی آڑ میں عرب برادری کے گھروں پر چھاپے مارسکیں گے۔ یہ عارضی قانون ایک سال کےلیے نافذ العمل رہے گا۔ جس کی حکومت اور اپوزیشن نے مشترکہ طور پر منظوری دی ہے۔ اس قانون کا مقصد غیر قانونی ہتھیاروں کی کمی کےنام پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کومکمل آزادی دینا ہے۔ یہ قانون پولیس کوعدالتی وارنٹ کےبغیر عمارتوں میں داخل ہونے اور تلاشی لینے کی اجازت دیتا ہے۔ پولیس ایس ایس پی یا اس سے اوپر کے افسر کی اجازت سے کسی کے بھی گھر میں گھس سکے گی۔ قانون کے تحت غیر قانونی اسلحہ یا اس سے منسلک کسی چیز کے ساتھ پکڑے جانے والوں کو 10 سال تک قید کے ساتھ ساتھ جرمانے کی سزا بھی دی جائے گی۔ انسانی حقوق کے حامیوں نے نئے قانون پر تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس سے عرب معاشرے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔


































