
غزہ : حماس رہنما خلیل الحیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رکھیں تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے حملوں کو جھوٹے جواز پر کیے گئے جرائم اور قتل عام قرار دیا۔ خلیل الحیہ نے واضح کیا کہ فلسطینی مزاحمت کی جنگ بندی سے وابستگی اسی صورت برقرار رہ سکتی ہے جب اسرائیل کو اس کی ذمہ داریاں پوری کرنے پر مجبور کیا جائے۔ انہوں نے رفح کے علاقے میں سرنگوں میں پھنسے فلسطینیوں کے مسئلے کے حل میں ناکامی کا الزام بھی اسرائیل پر عائد کیا۔ ادھر فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے اسرائیلی حملوں میں تیزی کو جنگ بندی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔


































