
بیروت : جنوبی لبنان کے علاقے پر اسرائیلی فضائی حملے نے ایک بار پھر صحافیوں کے قافلے کو نشانہ بنایا۔ بزدلانہ کارروائی میں المیادین کی نمائندہ فاطمہ فتونی، ان کے بھائی اور فوٹو جرنلسٹ محمد فتونی اور المنار کے رپورٹر علی شعیب سمیت چار افراد شہید ہو گئے۔ فاطمہ فتونی اپنی شہادت سے چند گھنٹے قبل تک طیبہ کے علاقے سے مزاحمت اور دشمن کی پسپائی کی لائیو کوریج کر رہی تھیں۔ جس کی ویڈیو وائرل ہو چکی ہے۔ شہید صحافی ایسی گاڑی میں سوار تھیں جس پر واضح طور پر پریس درج تھا، مگر صیہونی فوج نے گاڑی پر حملہ کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑادیں۔
لبنان میں 2023 سے اب تک المیادین نیٹ ورک کے پانچ صحافی اسرائیلی جارحیت کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ لبنان کی قیادت اور صحافتی تنظیموں نے اس "گھناؤنے جرم” کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ لبنان میں اسرائیلی دہشت گردی کا نشانہ صرف صحافی ہی نہیں بلکہ انسانی ہمدردی کے کاموں میں مصروف عملہ بھی ہے۔ صیہونی دہشت گردوں نے جنوبی لبنان میں پانچ پیرا میڈکس کو شہید کردیا۔ اسرائیلی فورسز نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے باپ بیٹے کی جان لےلی۔


































