
نابلس : اسرائیل کی صیہونی فوج نے نابلس میں وحشیانہ کارروائی کے دوران تین فلسطینیوں کو شہید اور چار کو زخمی کر دیا۔ صیہونی فوج نے نابلس کے علاقے ال یاسمینہ محلے پر دھاوا بولا۔ فوجیوں نے کئی گھروں میں گھس کر تلاشی لی۔ فلسطینیوں کی مزاحمت پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فوجیوں نے چھاپے کے دوران اینٹی ٹینک رائفل گرینیڈ کا استعمال کیا۔ گولیاں لگنے سے تین فلسطینی شہید اور چار زخمی ہوگئے۔ فوجیوں نے بدترین انسانیت سوزی کا مظاہرہ کیا اور دو فلسطینیوں کو اتنی گولیاں ماریں کہ ان کا چہرہ بری طرح مسخ ہوگیا۔ جس کی وجہ سے ان کی شناخت مشکل ہو گئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق چار زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ شدید شیلنگ سے 150 افراد متاثر ہوئے۔ جن میں اسکول کے بچے بھی شامل ہیں۔ صیہونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ تینوں فلسطینی 7 اپریل کو جیریکو میں برطانوی ماں اور دو بیٹیوں کے قتل میں ملوث تھے۔رواں سال اب تک 20 بچوں سمیت 110 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔


































