
جدہ: سعودی عرب سمیت آٹھ مسلم و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیوں پر اسرائیل کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی عرب۔ قطر، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا ہےکہ اسرائیلی اقدامات خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہے ہیں اور امن و استحکام کے قیام کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
وزرائے خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کی بار بار خلاف ورزیاں سیاسی عمل کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں اور غزہ میں سکیورٹی اور انسانی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششوں میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کی کامیابی کے لیے مکمل عزم اور عملدرآمد ضروری ہے۔ مسلمان اور عرب ممالک نے مشترکہ بیان میں تمام فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس نازک مرحلے میں اپنی مکمل ذمہ داریاں نبھائیں اور زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ جنگ بندی برقرار رہے اور اس کا تسلسل یقینی بنایا جا سکے.


































