
نیویارک : اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے سربراہ وولکر ترک نے کہا ہے کہ اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کے حالیہ فیصلے فلسطینی زمینوں کی غیرقانونی توسیع اور قبضے کی کوشش ہیں۔ وولکر ترک نے بتایا کہ یہ اقدامات فلسطینی ریاست کے قیام کو ناممکن بنانے کی کوشش اور فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلے فلسطینی زمینوں کی ضبطگی، زبردستی منتقلی اور غیرقانونی اسرائیلی آبادیاں بڑھائیں گے اور فلسطینی قدرتی وسائل اور انسانی حقوق محدود ہوں گے۔ ترک نے نشاندہی کی کہ فلسطینی اتھارٹی کی منصوبہ بندی اور تعمیراتی اختیارات محدود کیے جا رہے ہیں اور مقدس جگہوں پر اسرائیلی کنٹرول قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات فلسطینی علاقوں کی ڈیموگرافی بدلنے، لوگوں کی زمینیں چھیننے اور انہیں وہاں سے نکالنے کی کوشش ہیں۔ ترک نے زور دیا کہ اسرائیلی کالونیوں کو خالی کرایا جائے، قابض فوجی قبضہ ختم ہونا چاہیے، اور حالیہ فیصلے فوری طور پر کالعدم کیے جائیں۔


































