
تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ حالیہ فسادات میں اسرائیلی رژیم کو جون کی بارہ روزہ جنگ سے بھی زیادہ ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ محمد باقر قالیباف نے کہا کہ صیہونی ریاست نے ایران کے مختلف شہروں میں بیک وقت منظم دہشت گردانہ حملے کیے۔ اسرائیلی کارروائیوں کو 48 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں شکست دے دی گئی اور اڑتالیس گھنٹے اسرائیلی حکومت کے لیے 12 روزہ جنگ سے زیادہ شدید جھٹکا ثابت ہوئے۔ قالیباف نے اسلامی انقلابی گارڈز کور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی آر جی سی نے امریکا۔اسرائیل جنگ اور حالیہ دہشت گردانہ فسادات کے دوران ملک کا بھرپور دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی پشت پناہی سے ہونے والے فسادات داعش طرز کے تھے، جن میں قتل و غارت اور جرائم کا سہارا لیا گیا۔ان کے مطابق ان دہشت گردوں کو اسرائیلی رژیم، امریکا اور ان کے آلہ کاروں نے مکمل تربیت دی تھی۔


































