
تل ابیب : صیہونی دفاعی حکام نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ ایران کا بیلسٹک میزائل پروگرام اسرائیل کے وجود کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ ضرورت پڑنے پر اسرائیل یکطرفہ کارروائی کے لیے بھی تیار ہے۔ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حالیہ ہفتوں میں اعلیٰ سطح کے رابطوں کے دوران صیہونی حکام نے امریکا کو ایران کی میزائل صلاحیتیں اور پیداواری ڈھانچہ تباہ کرنے کے اپنے ارادوں سے آگاہ کیا ہے۔ فوجی حکام نے میزائل پروگرام کو کمزور بنانے کے لیے اہم تنصیبات پر حملوں سمیت مختلف عملی منصوبے پیش کیے۔ ایک ذریعے کے مطابق اسرائیل نے امریکا کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر ایران نے بیلسٹک میزائلوں کے حوالے سے مقررہ ریڈ لائن عبور کی تو اسرائیل اکیلا حملہ کرے گا۔ صیہونی حکام نے زور دیا کہ اسرائیل اپنی کارروائی کی آزادی برقرار رکھے گا اور کسی بھی ایسے اسٹریٹجک ہتھیاروں کی بحالی کی اجازت نہیں دے گا جو اس کے وجود کے لیے خطرہ ہوں. کئی حکام نے خدشہ ظاہر کیا کہ امریکی صدر ٹرمپ یمن میں حوثیوں کے خلاف محدود حملوں جیسا ماڈل اپنا سکتے ہیں، جس سے ایران کی بنیادی صلاحیتیں برقرار رہنے کا خطرہ ہے۔


































