
تہران: سعودی عرب، پاکستان، ترکیہ، مصر، قطر، متحدہ عرب امارات، اردن اور انڈونیشیا نے مقبوضہ مغربی کنارے کی دو مساجد میں آتشزدگی کے واقعات کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا ہے۔ آٹھ مسلم اکثریتی ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں مقبوضہ مغربی کنارے میں دو مساجد جلانے کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جلجلیہ گاؤں کی جامع مسجد اور رام اللہ میں نوبانی فارمز گاؤں کی مسجد الفاروق میں آگ لگانے کے واقعات فلسطینی عوام کے خلاف بڑھتے ہوئے حملوں کا حصہ ہیں۔ وزرائے خارجہ نے فلسطینیوں کے خلاف غیرقانونی صیہونی آبادکاروں کے مسلسل اور بڑھتے ہوئے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید ہوا دے رہے ہیں۔ مشترکہ بیان پر سعودی عرب، پاکستان، ترکیہ، مصر، قطر، متحدہ عرب امارات، اردن اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ کے دستخط ہیں۔ وزرائے خارجہ نے مقدس مقامات کے تحفظ اور فلسطینی شہریوں کے خلاف تشدد روکنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو ایسے واقعات کے تدارک کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔


































