
تل ابیب: اسرائیل نے اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کے کمپاؤنڈ میں موجود عمارتوں کو مسمار کردیا۔ انروا کے سربراہ فلپ لازارینی نےکہا ہےکہ یہ بین الاقوامی قانون کی دانستہ اور کھلی خلاف ورزی کی ایک نئی سطح ہے۔ فلپ لازارینی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مشرقی القدس میں واقع اونروا کے ہیڈکوارٹر پر چھاپہ مارا۔ لازارینی کے مطابق اسرائیلی بلڈوزر کمپاؤنڈ میں داخل ہوئے اور قانون سازوں و حکومتی رکن کی موجودگی میں عمارتوں کو مسمار کرنا شروع کر دیا۔ انہوں نے اس کارروائی کو اونروا اور اس کی تنصیبات کے خلاف ایک بے مثال حملہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے رکن کی حیثیت سے اسرائیل بین الاقوامی قانون کے تحت اقوام متحدہ کی عمارتوں کے تقدس اور تحفظ کا پابند ہے۔ لازارینی نے کہا کہ یہ اقدامات فلسطینی پناہ گزینوں کی شناخت مٹانے کی ایک منظم کوشش کا حصہ ہیں.


































