
تہران: امریکا اور اسرائیل نے ایران کے صوبہ اصفہان اور خرمشہر میں توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنادیا۔ تبریز پر حملے میں چھ افراد شہید اور کئی زخمی ہوئے۔ ایران نے جواب میں تل ابیب اور حیفا میں اسرائیل کی فوجی تنصیبات پر حملے کئے۔ اسرائیلی فوج نے اصفہان میں قدرتی گیس انتظامیہ کی عمارت اور گیس پریشر ریڈکشن اسٹیشن کو نشانہ بنایا۔ خرمشہر میں ایک پاور پلانٹ سے متعلق قدرتی گیس پائپ لائن پر بھی حملہ کیا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلیجنس کے دو ہیڈکوارٹرز۔ وزارتِ انٹیلیجنس کے ہیڈکوارٹر۔ ایرانی ہتھیاروں کے ذخائر اور فضائی دفاعی نظام کے مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل نے شمالی اور وسطی ایران میں 50 سے زائد اہداف پر حملے کئے۔
ایران نے اسرائیل کی جانب درجنوں میزائل داغ دئے۔ جنوبی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ایلات، دیمونا اور شمالی تل ابیب سمیت کئی اہم مقامات پر ملٹی وارہیڈ میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے گئے۔ ان کارروائیوں میں عماد اور قدر میزائل استعمال کیے گئے۔ حملوں میں بائیس افراد زخمی ہوئے۔۔ جنگ کے آغاز سے اب تک اڑتالیس سو انتیس اسرائیلی زخمی ہوچکے ہیں۔


































