
کراچی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے وفد نے جنرل سیکریٹری ظفر حیدر کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فردوس شمیم نقوی سے ملاقات کی اور 14 رمضان المبارک کو ہونے والی آزادی القدس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ آئی ایس او رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عالمی یوم القدس وہ دن ہے کہ جب دنیا بھر کے مسلمان امام خمینی (رہ) کے فرمان پر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کے لئے گھروں سے باہر نکلتے ہیں اور اس بات کا اعلان کرتے ہیں کہ فلسطین کی سرزمین کو اسرائیل کے ناپاک وجود سے پاک کرنا ہماری شرعی ذمہ داری ہے، آئی ایس او نے ہمیشہ پاکستان کی سرزمین پر آزادی القدس کی آواز کو بلند کیا ہے اور انشاء اللہ قدس کی آزادی تک اپنی اس آواز کو بلند کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر فردوس شمیم نقوی نے آئی ایس او کے اراکین کا شکریہ ادا کیا اور قدس کی آزادی کے لیے آواز بلند کرنے پر آئی ایس او کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت بھی آزادی القدس کی راہ میں اپنی آواز بلند کرے گی۔


































