
بغداد : عراق نے ایران اور خلیجی ممالک کے سربراہی اجلاس کی تجویز دیدی۔ وزیر خارجہ فواد حسین نے کہا کہ علاقائی کشیدگی میں کمی اور مشترکہ سلامتی کے لیے مذاکرات ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔ عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے بغداد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ خطے کی سلامتی کی ذمہ داری علاقائی ممالک کو مشترکہ طور پر اٹھانا ہوگی۔ عراق مسلسل کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ماضی میں بھی امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں میں سہولت کار کا کردار ادا کر چکا ہے۔ فواد حسین نے کہا کہ بغداد خلیجی عرب ممالک، عراق اور ایران کے سربراہان کا اجلاس منعقد کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ علاقائی سلامتی اور تناؤ میں کمی کے طریقۂ کار پر اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔


































