
آپریشن کے دوران تکریت کے بعض علاقے دہشت گردوں سے پاک، دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
سکیورٹی فورسز نے مغربی صوبے الانبار میں آپریشن مکمل کرلیا ، سامرا میں داعش کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسکے حملے کو پسپا کر دیاگیا
بغداد (نیوز ڈیسک)عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے داعش کی باقیات کے خلاف جاری آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا جبکہ رمضان میں دہشتگردی کا منصوبہ مکمل طور پر ناکام بنادیا گیا، سکیورٹی فورسز نے مغربی صوبے الانبار میں آپریشن مکمل کرلیا ، آپریشن میں 8 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا، آپریشن کے دوران تکریت کے بعض علاقوں کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کر دیا گیا ہے، دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمدکرلیا گیا، سامرا میں داعش کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسکے حملے کو پسپا کر دیاگیا، عوامی رضاکار فورس نے مشرقی سامرا کے علاقے بنات الحسن میں داعش کے خفیہ ٹھکانے کا پتہ لگانے کے بعد اسے بھی تباہ کر دیا دہشت گرد عناصر سامرا میں فورسز کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ،عراقی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عراق اور شام کے سرحدی علاقوں میں اندازے کے مطابق 70 ہزار سے زائد داعشی دہشت گرد سرگرم ہیں دہشت گرد، وقتا فوقتا دہشت گردانہ اقدامات کرکے اپنے وجود کو ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، داعش میں اب کسی بھی علاقے پر قبضہ کرنے کے توانائی نہیں۔


































