
تہران: ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے خلیج میں دو آئل ٹینکر قبضے میں لے لیے۔ غیر ملکی عملے کے حامل 2 آئل ٹینکروں کو ایندھن اسمگلنگ کے الزام میں تحویل میں لیا گیا ہے۔ تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ضبط کیے گئے ٹینکرز پر کون سے ممالک کے پرچم لگے تھے اور عملے کا تعلق کن ملکوں سے ہے۔ دونوں جہازوں سے 10 لاکھ لیٹر سے زائد اسمگل شدہ ایندھن برآمد کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر عملے کے 15 غیر ملکی ارکان کو عدالتی کارروائی کے لیے حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے یہ ٹینکر خلیج میں واقع ایرانی جزیرے فارسی کے قریب تحویل میں لیے۔ پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا کہ یہ جہاز گزشتہ کئی ماہ سے اسمگلنگ میں ملوث تھے اور نگرانی، انٹیلی جنس معلومات اور سمندری کارروائیوں کے بعد انہیں روکا گیا۔


































