
تہران: ایران نے پڑوسی ممالک سمیت دیگر ممالک سے ایٹمی تجربات شیئر کرنے کی پیشکش کردی۔ ایران کی ایٹمی توانائی کی تنظیم کے ترجمان بہروز کمال وندی نےکہا ہے کہ ایران کے پاس جوہری شعبے میں پچاس سال کی تاریخ اور تجربہ ہے اور وہ بہت سے سائنسدانوں اور ماہرین کو تربیت دینے میں کامیاب رہا ہے۔ ایران عرب ڈائیلاگ کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایران اپنی جوہری مہارت اور ٹیکنالوجی کو تمام ممالک بالخصوص پڑوسی ممالک تک منتقل کرنے کے لیے جامع تعاون پر تیار ہے۔ اس معاملے میں ہم سب کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں۔ ترجمان نے مغربی پابندیوں کے باوجود یورینیم کی افزودگی اور ریڈیو فارماسیوٹیکلز کی تیاری کے شعبے میں ایران کی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔


































