
تہران : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف سے گفتگو میں حالیہ پرتشدد واقعات کو امریکا اور صیہونی ریاست کی جانب سے 12 روزہ جنگ میں ناکام مہم کا تسلسل قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال، بیرونی حمایت یافتہ فسادات اور اسلامی و ہمسایہ ممالک سے تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ایرانی صدر نے بدامنی کے خلاف لاکھوں ایرانیوں کی تاریخی موجودگی کو دشمن قوتوں کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران پوری قوت کے ساتھ اپنے راستے پر گامزن رہے گا اور ہمسایہ و اسلامی ممالک سے تعاون مزید مضبوط کرے گا۔ پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے پزشکیان نے کہا کہ مسلم ممالک کا اتحاد خطے کی سلامتی کے خلاف سازشوں کو ناکام بنا دے گا۔
دوسری جانب شہباز شریف نے ایران سے یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اسے خطے اور دنیا میں ایک اہم اور بااثر ملک قرار دیا۔


































