
تہران : ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے آئندہ 48 گھنٹوں میں ملاقات پر اتفاق کرلیا۔ ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان اور سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان آل سعود کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور اور حالیہ سہ فریقی معاہدے کی روشنی میں اگلے اقدامات پر گفتگو کی۔ حسین امیر عبداللہیان نے دو طرفہ تعلقات میں مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا اور اپنی ہمسائیگی کی پالیسی کو فروغ دینے کے تہران کے عزم پر زور دیا۔ سعودی وزیر خارجہ نےدوطرفہ تعلقات کی موجودہ مثبت سمت کو سراہا اور دونوں ممالک کے حکام کے درمیان باقاعدہ ملاقاتوں اور رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا کہ وہ آئندہ دو دنوں میں ملاقات کریں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کی تاریخ اور جگہ کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔سعودی عرب اور ایران نے گذشتہ ماہ سفارتی تعلقات دوبارہ بحال کرنے اور اپنے اپنے سفارت خانے اگلے دو ماہ کے اندر کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔


































