
تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے شامی دارالحکومت دمشق پر ہونے والے حالیہ اسرائیلی میزائل حملے میں سپاہ پاسداران ایران سے تعلق رکھنے والے 2 مدافعین حرم کی شہادت پر شہداء کے خاندانوں و ساتھیوں کو تبریک و تعزیت پیش کی اور اس جرم کو جارحیت، ناجائز قبضے اور ٹارگٹ کلنگ پر مبنی غاصب صیہونی رژیم کے ناپاک خمیر کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔ سعید خطیب زادہ نے اس صیہونی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ٹارگٹ کلنگ مشین اسرائیل کی اس گستاخانہ کارروائی کا قطعی طور پر بھرپور جواب دیا جائے گا جبکہ انسانیت سوز جرائم پر اس غیر قانونی ریاست سے جواب طلبی خطے کے مزاحمتی محاذ کے اصلی اہداف میں شامل ہے۔


































