
تہران: ایران کے جوہری ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ اگر تمام پابندیاں ہٹا دی جائیں تو یورینیم افزودگی کو ساٹھ فیصد تک لانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ محمد اسلامی نے تہران میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ معاملہ اس بات پر منحصر ہے کہ آیا تمام پابندیاں ہٹا دی جاتی ہیں یا نہیں۔ انہوں نے بعض رپورٹس کو مسترد کیا جن میں کہا گیا کہ یورینیم ملک سے باہر منتقل کیا جائے گا، اور اسے ایران کے خلاف دباؤ ڈالنے والے گروپوں کی چال قرار دیا۔ اسلامی نے واضح کیا کہ افزودہ یورینیم کی منتقلی مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے اور اس پر مذاکرات میں کوئی بات نہیں ہوئی۔ اسلامی نے کہا کہ مذاکرات کا بنیادی نقطہ ایرانی قوم کے حقوق ہیں، اور اقوام متحدہ کا ادارہ پرامن جوہری ٹیکنالوجی کی حمایت اور سہولت فراہم کرنے کا پابند ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی پر تنقید کی کہ وہ نگرانی میں موجود ایرانی جوہری مقامات پر حملوں پر خاموش رہی۔


































