
تہران : ایران نے حالیہ فسادات پر امریکی و اسرائیلی حکام اور چند دہشت گرد گروپوں کے خلاف بین الاقوامی فورمز میں قانونی اور فوجداری شکایات دائر کردی ہیں۔ ایران کی جانب سے دائر کردہ شکایات میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے مالی، تربیتی اور میڈیا سپورٹ فراہم کر کے ایران میں فسادی مظاہروں اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں براہِ راست حصہ لیا۔
عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اجائی نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے حالیہ تشدد میں براہِ راست کردارادا کیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد، بشمول خواتین اور بچے، جاں بحق ہوئے اور وسیع پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا۔ اجائی نے اسے 12 روزہ جنگ کے ایک نئے مرحلے کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ مجرمانہ اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ناگزیر ہے تاکہ دہشت گردی اور بدامنی میں ملوث عناصر کو جواب دہ بنایا جا سکے۔


































