
تہران: ایران نے اپنی بندرگاہوں کی ناکا بندی ختم نہ کرنے پر آبنائے ہرمز دوبارہ بند کردی۔ جس کے بعد تجارتی جہازوں کی آمد و رفت رک گئی ہے۔ ایران کے مرکزی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایرانی مسلح افواج کے سخت کنٹرول میں ہے اور اسے سابقہ آپریشنل حالت میں ہی برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نیک نیتی پر مبنی مذاکرات کے دوران طے پانے والی مفاہمت کے تحت ایران نے محدود تعداد میں آئل ٹینکرز اور تجارتی جہازوں کو منظم انداز میں گزرنے کی اجازت دی تھی۔ تاہم ترجمان کے مطابق امریکا نے بارہا وعدوں کی خلاف ورزی کی اور نام نہاد ناکہ بندی کے بہانے سمندری ڈکیتی اور قزاقی جیسے اقدامات جاری رکھے۔ انہوں نےکہا کہ اسی وجہ سے آبنائے ہرمز پر کنٹرول دوبارہ سخت کردیا گیا ہے اور یہ اہم آبی گزرگاہ مکمل نگرانی میں ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ جب تک امریکا ایران سے آنے اور جانے والے جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت پر عائد پابندیاں ختم نہیں کرتا، آبنائے ہرمز کی صورتحال بدستور سخت اور کنٹرول میں رہے گی۔


































