
تہران : ایران میں حکومت مخالف بغاوت کی معاونت کے الزام میں اپوزیشن کے چار سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں ایران ریفارم فرنٹ کی سربراہ آذر منصوری، سابق سفارتکار محسن امین زادہ اور سابق رکنِ پارلیمنٹ ابراہیم اصغر زادہ شامل ہیں۔ چوتھے ملزم کا نام تاحال ظاہر نہیں کیا گیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی میزان کے مطابق ان افراد نے ایسے وقت میں سرگرمیاں منظم اور قیادت کیں جب ملک کو بیرونی فوجی خطرات لاحق تھے۔ ایرانی عدلیہ کے مطابق اتوار کے روز گرفتار کیے گئے افراد پر الزام ہے کہ وہ اسرائیل اور امریکا کے مفاد میں کام کر رہے تھے۔ عدلیہ کا کہنا ہے کہ ان افراد نے سیاسی اور سماجی صورتحال کو بگاڑنے کی منظم کوششیں کیں۔ سڑکوں پر موجود عناصر کی کارروائیوں کو جواز فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ تمام سرگرمیاں قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ تھیں۔


































