
تہران: ایران اور پاکستان نے تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان اور پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد دی اور دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے تعلقات میں تعاون کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اورکہا کہ تہران اسلام آباد تعلقات ایران کی خارجہ پالیسی کا محور ہیں ۔ ہماری حکومت کی ہمسایہ ممالک کے ساتھ خارجہ پالیسی میں تہران اور اسلام آباد کے تعلقات خاص توجہ کا باعث ہیں۔ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب اور ایران کے درمیان بہتر تعلقات کا خیرمقدم کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی خطے کی ترقی اور استحکام میں بھی معاون ثابت ہوگی۔


































