
امریکا پابندیاں ختم کردے ہم خود کورونا وائرس سے نمٹ لیں گے،روحانی،طبی کوششوں میں خلل سب کی زندگی خطرہ میں ڈال دے گا، اقوام متحدہ
ایران کو عالمی امداد مل سکے گی،روس، پابندیاں بہت بڑی نااانصافی ہے، پاکستان،ایران کی صورتحال پر تشویش ہے، جرمنی،پابندی ہٹائی جائے،برنی سینڈرز
تہران(نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ، روس، چین، پاکستان سمیت کئی ممالک نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایران پرسے امریکی پابندیاں ختم کرنے پر زور دیا ہے، ایران نے کہا ہے کہ امریکا پابندیاں ختم کردے ہم خود کورونا وائرس سے نمٹ لیں گے،تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف مہم میں مدد کی پیشکش کو تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹ قرار دیا اور کہاکہ امریکا کی مسلط کردہ ظالمانہ، غیر قانونی اور دہشت گردانہ پابندیوں نے ایرانی عوام کیلئے لاتعداد مشکلات پیدا کر رکھی ہیں۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کمشنر میشل باشلہ نے کہا کہ اقوام متحدہ، ایران اور وینزویلا جیسے ممالک کے خلاف پابندی ختم یا نرم کرے تاکہ ان ممالک کے نظام صحت متاثر نہ ہوں جو اس وقت کورونا سے بر سر پیکار ہیں،عالمی وبا کے دور میں ایک ملک کی طبی کوششوں میں خلل پیدا کرنا، ہم سب کو مزید خطرے میں ڈال دے گا،روسی وزارت خارجہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے،انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے سے ایران کو کورونا وائرس کے خلاف لڑنے میں عالمی امداد مل سکے گی، پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے ایران پرعائد پابندیاں ختم کرنے پر زور دیا ہے،انہوں نے کہا کہ یہ بہت ناانصافی ہے کہ ایک طرف تہران اتنی بڑی وبا کا سامنا کررہا ہے اور دوسری طرف انہیں بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جرمن ہم منصب ہیکو ماس سے ٹیلیفونک گفتگو میں مطالبہ کیا ہے کہ ایران کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظرعالمی پابندیاں اٹھائی جانی چاہئیں،جرمن وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہیں بھی ایران کی صورت حال پر تشویش ہے، جی سیون وزرائے خارجہ کانفرنس میں ایران پرعائد پابندیوں کے خاتمے کا معاملہ اٹھائیں گے، امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے بھی ایران کے خلاف لگی پابندیوں کو اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے،انہوں نے کہا کہ ہر اْس پابندی کو ختم کر دینا چاہئے جس سے ایران میں جاری کورونا وائرس کی روک تھام کے عمل کو نقصان پہنچ رہا ہو، حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کو فون کر کے کہا کہ امریکی پابندیاں ظالمانہ ہیں اور انھیں ختم ہونا چاہئے۔


































