
واشنگٹن : امریکا میں کانگریس کے تیس ڈیموکریٹس ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران پر امریکی-اسرائیلی جنگ کو مذہبی تناظر میں پیش کرنے کے الزامات کی داخلی تحقیقات کی جائیں۔ کانگریس کے ارکان نے محکمہ جنگ کے انسپیکٹر جنرل کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا کہ امریکی کمانڈروں نے نبوت اور قیامت کے نظریات کا حوالہ دے کر ایران میں فوجی کارروائی کو جائز قرار دیا ہے۔ خط پر مِشی گن سے رشیدہ طلیب، منیسوٹا سے الہان عمر اور واشنگٹن سے پرمیلا جے پال سمیت سابق اسپیکر نینسی پیلوسی نے دستخط کیے ہیں۔
ارکان نے خدشہ ظاہر کیا کہ فوجیوں کو بتایا گیا کہ وہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک مخصوص مذہبی وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں جو آئینی اور محکمہ دفاع کے ضوابط کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید سوال کیا کہ آیا یہ بیانات سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگسیٹ اور دیگر اعلیٰ شہری حکام کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ کی پالیسی کو مذہبی تناظر میں پیش کرنے کے وسیع سیاسی ماحول کا حصہ ہیں۔


































