
تہران : ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی رپورٹ کو غیر منصفانہ قرار دے دیا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کے پاس جوہری بم بنانے کے لیے افزودہ یورینییم کی مطلوبہ مقدار موجود ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ عالمی ادارے کی رپورٹ ایران اور ایجنسی کے درمیان بات چیت کی آئینہ دار نہیں۔ یہ رپورٹ غیر متوازن اور غیر منصفانہ ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ صیہونیوں نے تکنیکی رپورٹس کو سیاسی رپورٹس میں تبدیل کر دیا ہے۔ آئی اے ای اے کی تازہ سہ ماہی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایران کے پاس بڑی مقدار میں افزودہ یورینیم موجود ہے جس سے ایٹمی ہتھیار بنائے جاسکتے ہیں۔


































