
جکارتہ : انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے خبردار کیا ہے کہ اگر فلسطین کی آزادی کے اہداف کو آگے نہ بڑھایا گیا تو ان کا ملک بورڈ آف پیس سے دستبردار ہو سکتا ہے۔ انڈونیشین صدر پرابوو سوبیانتو نے جکارتہ میں اجلاس کے دوران اس معاملے پر اپنا مؤقف واضح کیا۔ اجلاس میں شریک علما کونسل کے وائس چیئرمین نے بتایا کہ صدر نے کہا ہے کہ اگر بورڈ آف پیس کی پالیسیاں انڈونیشیا کے مؤقف سے ہم آہنگ نہ ہوئیں تو وہ ساتھ دینے کا پابند نہیں ہوگا۔ صدر پرابوو نے واضح کیا ہے کہ اختلاف کی صورت میں انڈونیشیا پہلے مرحلے میں شرکت سے گریز کرے گا۔ اور اگر صورتحال میں کوئی مثبت تبدیلی ممکن نہ ہوئی تو بورڈ آف پیس سے مکمل علیحدگی کا آپشن بھی موجود ہے۔
ادھر وزیر خارجہ سوگیونو نے بھی تصدیق کی کہ صدر نے دستبرداری کا دروازہ کھلا رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا کے بنیادی اہداف میں فوری طور پر غزہ میں امن، پھر پورے فلسطین میں امن، اور بالآخر فلسطینی ریاست کی آزادی اور خودمختاری کا حصول شامل ہے۔


































