
سری نگر (نیٹ نیوز) نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہو گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کپواڑا میں بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا، اس دوران مریضوں کے لیے ایمبولینس کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا، بچوں اور بزرگوں کو ہراساں کیا اور نوجوانوں کو غیرقانونی طور پر گرفتار کر کے اپنے ہمراہ لے گئے جن میں سے دو نوجوانوں کی تشدد زدہ لاشیں ملیں۔ بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کو مقابلہ ظاہر کرتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی تاہم اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے جھوٹ کا پردہ فاش کر دیا اور بھارتی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ واضح رہے کہ رواں ماہ قابض بھارتی فوج کی جارحیت سے شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 10 سے تجاوز کر گئی ہے۔


































