
اسلام آباد: پاکستان نے سری نگر کی جامع مسجد میں شب قدراور جمعۃ الوداع کےاجتماعات پر پابندی کی شدید مذمت کی ہے اورکہا ہےکہ بھارت نے کشمیریوں کے خلاف جبر میں شدت پیدا کر دی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی قابض فورسز نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معصوم کشمیریوں کے خلاف اپنے جبر میں شدت پیدا کر دی ہے، پاکستان اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شب قدر اور جمعۃ الوادع کے اجتماعات پر پابندی سے کشمیری مسلمانوں کے دینی جذبات کو مجروح کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کا طرز عمل شرافت اور انسانی وقار کے تمام اصولوں کی نفی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اور بلاجواز اقدامات کے ذریعے مذہبی آزادیوں پر قدغنیں لگانا کشمیری مسلمانوں کے انسانی حقوق پر ایک اور حملہ ہے۔


































