
لاہور: سابق وزیراعظم عمران خان نے قوم سے ہفتے کو چیف جسٹس آف پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کردی۔ عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہمارا ملک تاریخ کے ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، پاکستان میں تاریخی مہنگائی اور بیروزگاری عروج پر ہے، ہمارے ملک پر مافیا کا قبضہ ہے۔ یہ مافیا چیف جسٹس اور ججز کے خلاف پروپیگنڈہ کررہا ہے۔حکومت کو الیکشن میں شکست کا خوف ہے، حکومت پاکستان کا آئین اور سپریم کورٹ تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ میں قوم سے اپیل کرتا ہوں بروز ہفتہ شام 5.30 بجے ایک گھنٹہ کے لیے ہر شخص اپنے گھروں، گلی، محلوں سے چیف جسٹس کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور آئین کی حکمرانی کے لئے باہر نکلے۔ عمران خان نے کہا کہ کچھ دن پہلے میں نے لاہور ہائی کورٹ کو صاف کہا ہے کہ مجھے دو بار قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اگر مراد سعید کو کچھ ہوا تو اس کے پیچھے ڈرٹی ہیری ہوگا اور اگر مجھے کچھ ہوا تو اس کے پیچھے بھی ڈرٹی ہیری ہی ہوگا۔ میں سب کو کال دے رہا ہوں کہ آپ سب نے پرسوں ہفتے کے روز اپنے گھروں سے نکلنا ہے۔


































