
تہران: ولی امرالمسلمین آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی تینتیسویں برسی کے موقع پر بانی انقلاب کے مزار پر عظیم الشان اجتماع سے خطاب میں کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ، اسلامی جمہوریہ کی روح ہیں اور اگر اس روح کو اسلامی جمہوریہ سے لے لیا جائے اور عدم توجہ کا شکار بنا دیا جائے تو اسلامی جمہوریہ نقش دیوار بن کر رہ جائے گی۔ آپ نے مزید کہا کہ امام خمینی کی شخصیت کے بہت سے پہلو ابھی ناشناختہ ہیں، انقلاب کی موجودہ نسل، خاص کر ہماری نوجوان نسل، ہمارے عزیز امام خمینی کو صحیح طرح سے نہیں پہچانتی، اور پوری طرح امام خمینی کی عظمت سے واقف نہیں ہے، امام خمینی کا موازنہ مجھ ناچیز جیسے لوگوں سے کرتے ہیں جبکہ فاصلہ بہت زیادہ ہے، امام خمینی صرف کل کے امام نہیں ہیں، آج اور آئندہ آنے والے کل کے بھی امام ہیں۔
آپ نے کہا کہ نوجوان نسل کو امام خمینی کی شخصیت سے آگاہ کرنا اس لحاظ سے اہم ہے کہ اس سے مستقبل میں صحیح طریقے سے ملک چلانے میں ان کی مدد ہوگی۔ امام خمینی صرف کل کے امام نہیں ہیں، آج کے بھی امام ہیں اور آئندہ کل کے بھی امام ہیں۔ ہماری نوجوان اور با ہوش نسل کو، جو اس انقلاب کے دوسرے قدم کی قومی اور انقلابی ذمہ داری سنبھالنے والی اور ملک کے مستقبل کا مینیجمینٹ کرنے والی ہے، ایک صحیح سافٹ ویئر (فکری ماڈل) کی ضرورت ہے تاکہ وہ انقلاب کے راستے پر صحیح طریقے سے چل سکے۔ ایک اطمینان بخش اور جامع سافٹ ویئر جو اس کی مدد کر سکے، یہ سافٹ ویئر جو اس کی رفتار بڑھانے والا اور مدد کرنے والا ہو، بلکہ بعض مواقع پر تغیر لانے والا ہو سکتا ہے، امام خمینی کے دروس سے عبارت ہے۔ وہ درس جو امام خمینی کی گفتار میں بھی اور ان کے کردار میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
ولی امر مسلمین نے کہا کہ مغربی ممالک بنیادی طور پر اسلامی جمہوریہ کا تختہ الٹنے کے لیے عوامی احتجاج سے اپنی امیدیں لگاتے ہیں۔ وہ نفسیاتی جنگ شروع کر کے، کرائے کے فوجیوں کو بھرتی کر کے اور میڈیا مہم چلا کرلوگوں کو اسلامی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن ماضی کی طرح دشمن اب بھی یہ مان کر کہ وہ عوامی اختلاف کو ہوا دے سکتا ہے غلط اندازے لگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن یہ غلطیاں اس وقت کرتا ہے جب انہیں ایرانی غداروں سے غلط مشورہ ملتا ہے جو کہتے ہیں ایرانی عوام پر بھروسہ کریں کہ وہ اسلامی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔آیت اللہ خامنہ ای نے جنرل قاسم سلیمانی کے جنازے کے جلوس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب اور اسلامی اسٹیبلشمنٹ میں ایرانیوں کی دلچسپی روز بروز بڑھ رہی ہے۔ مغرب نے پچھلی تین صدیوں سے ایشیا سے افریقہ اور جنوبی امریکا تک تمام ممالک کے وسائل کو لوٹا ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے دشمن کے جھوٹ، فریب اور نفسیاتی جنگ کو بے نقاب کرنے پر بھی زور دیا۔


































