
بغداد : الحشد الشعبی کی نجباء بریگیڈ نے ترکی کو خبردار کیاہے کہ اگر انقرہ کی جارحیت جاری رہی تو فوجی آپشن کا سہارا لیا جائے گا۔ تحریک النجباء کے ترجمان نصر الشمری نے کہا کہ اگر ترک صدر رجب طیب اردوان شمالی عراق میں جارحیت پر اصرار کرتے ہیں تو یہ تحریک فوجی آپشن کا سہارا لے گی۔ مجاہدین اپنے صبر و تحمل اور جہاد کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور مزاحمت کار صرف اپنے اعتقاد کے لئے ہی جد و جہد نہیں کر رہے بلکہ علاقے کے امن و سکون اور عراق کی قومی سیکیورٹی کے لئے انہوں نے میدان جنگ میں قدم رکھا۔انہوں نے امریکا سے براہ راست تصادم پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم غاصب اور جارح فوجیوں کی چھاؤنیوں پر کاری ضرب لگائیں گے اور جب تک امریکا عراق کی ارضی سالمیت کا احترام نہیں کرتا تو اس وقت تک اس طرح کے اقدامات جاری رہیں گے۔


































