
تہران: ایران نے پڑوسی ممالک پر حملے روکنے کا اعلان کردیا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پڑوسی ممالک میں قائم امریکی اڈوں پر مزید حملے نہیں کیے جائیں گے، جب تک کہ وہاں سے ایران پر کوئی حملہ نہ ہو۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بتایا کہ عبوری لیڈر شپ کونسل نے پڑوسی ممالک کیخلاف کوئی حملہ یا میزائل حملہ نہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پڑوسی ممالک کے خلاف کوئی حملہ یا میزائل حملے نہیں کیے جائیں گے، جب تک ان ممالک کی سرزمین سے ایران پر حملہ نہ کیا جائے۔ مسعود پزشکیان کا کہنا تھا ایران، امریکا اسرائیل کے سامنے سرینڈر نہیں کرے گا، دشمن کو ایرانی عوام کے ہتھیار ڈالنے کی خواہش کو قبر میں لے جانا پڑےگا۔ انہوں نے گذشتہ دنوں پڑوسی ممالک پر ہونیوالے حملوں پر معذرت کیا۔
اس سے قبل ایرانی صدر نے کہا تھاکہ بعض ممالک نے ثالثی کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ثالثی کی کوششیں اُن لوگوں کی طرف ہونی چاہئیں جنہوں نے ایرانی عوام کو کمزور سمجھا اور اس تنازع کو بھڑکایا۔ہم خطے میں دیرپا امن کے لیے پُرعزم ہیں لیکن اپنے قومی وقار اور خودمختاری کے دفاع میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں۔


































