
مقبوضہ بیت المقدس : فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں نے صیہونی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمشیر قدس ابھی نیام میں نہیں گئی ہے۔ اگر ناجائز آبادکاروں کی طرف سے قبلہ اول بیت المقدس کی ہتک حرمت کا سلسلہ جاری رہا تو اسکے سنگین نتائج اُسے بھگتنے پڑیں گے۔مزاحمتی تنظیموں نےقبۃ الصخرہ کی مسماری اور اسکی جگہ ایک من گھڑت عبادت گاہ کی تعمیر پر مبنی صیہونیوں کی درخواست پر کہا کہ قبۃ الصخرہ کو مسمار کرنے کی دعوت و ترغیب سے فلسطین اور امت اسلامیہ کے غصے کا آتش فشاں پھوٹ پڑے گا۔ فلسطینی تنظیموں نے ساتھ ہی عوام سے اپیل کی کہ وہ مسجد الاقصیٰ اور دیگر مقامات مقدسہ کے تحفظ کے لئے میدان میں اتر کر وسیع پیمانے پر مظاہرے کریں۔ حکومت کی طرف سے انتہا پسند صیہونی آبادکاروں کو مسجد الاقصیٰ میں تلمودی مناسک انجام دینے کی اجازت دیا جانا ایک خطرناک اقدام ہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے اقدار کو نظر انداز کر کے انکے جذبات کو ٹھیس پہنچانا چاہتی ہے۔


































