تحریر: تصور حسین شہزاد
اِس وقت ملک میں حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے شور برپا ہے۔ ہر جگہ یہی بحث ہو رہی ہے، کہ عمران خان اقتدار میں رہیں گے یا چلے جائیں گے؟۔ دوسری جانب عمران خان بھی اپنا اقتدار بچانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ ذرائع کی اطلاعات تو یہ ہیں کہ عمران خان کے پاس دو آپشن ہیں، جن سے اپوزیشن کی تحریک دم توڑ دے گی۔ ایک آپشن صدارتی نظام ہے اور دوسرا آپشن اپوزیشن رہنماوں کی کچھ ایسی ویڈیوز ہیں، جن کے منظرِعام پر آنے سے اپوزیشن رہنما کسی کو ’’منہ دکھانے‘‘ کے قابل نہیں رہیں گے۔ اب خدا جانے عمران خان کے پاس یہ ویڈیوز کیسی ہیں اور کیسے پہنچی ہیں۔ بہرحال عمران خان ان ویڈیوز کو لے کر کافی مطمئن ہیں۔ اور عمران خان کے حامی ان ویڈیوز کے لیک کرنے کے حوالے سے کہتے ہیں محبت اور جنگ میں سب جائز ہوتا ہے۔ اور یہ جنگ ہے۔ جس میں سب جائز ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن کی تحریک میں ایک گیپ موجود ہے۔ ایک پیج پر دکھائی دینے والی یہ جماعتیں اندر سے ایک دوسرے کیخلاف ہیں۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ واقفانِ حال بتاتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان کو شبہ ہوا ہے کہ پی پی پی اور پی ایم ایل این، انہیں استعمال کر رہی ہیں۔ اس خدشے کو دُور کرنے کیلئے انہوں نے اینکر پرسن سلیم صافی کی خدمات حاصل کیں۔ سلیم صافی نے اپنے پروگرام میں شہباز شریف کو آن بورڈ لے لیا اور مولانا کو صدر مملکت کی عہدے کیلئے نامزد کرنے کا سوال داغ دیا۔ شہباز شریف نے بڑا سیاسی سا جواب دیا کہ مولانا فضل الرحمان ان کے امیر ہیں، وہ ان کے پیچھے نماز بھی پڑھتے ہیں اور اُن کے پیچھے چلتے بھی ہیں۔ میزبان سلیم صافی نے جب شہباز شریف سے پوچھا کہ کیا متحدہ اپوزیشن کی طرف سے مولانا فضل الرحمان صدر کے امیدوار ہوں گے؟ اس پر شہباز شریف نے کہا کہ تمام آپشنز اس وقت میز پر موجود ہیں۔ سلیم صافی نے جب ان سے یہ پوچھا کہ کیا وہ مولانا فضل الرحمان کی بطور صدر نامزدگی کی حمایت کرتے ہیں؟ اس پر شہباز شریف نے ہنستے ہوئے کہا کہ بلاول میرے چھوٹے بھائی ہیں، آپ اس وقت مجھے امتحان میں نہ ڈالیں۔ آپ سے یہ اُمید نہیں کہ اس وقت ہمیں تقسیم کریں۔
شہباز شریف نے ڈھکے چھپے انداز میں کہہ دیا کہ مولانا فضل الرحمان کو صدر نہیں بنائیں گے۔ اگر وہ سیاسی بیان ہی دے دیتے کہ مولانا کو صدر بنا دیں گے، تو زرداری صاحب ناراض ہو جاتے ہیں۔ کیونکہ اس موقع پر انہوں نے اپنے بیٹے حمزہ شہباز سے بھی عمر میں چھوٹے، بلاول بھٹو کو اپنا بھائی کہہ دیا۔ اس گفتگو میں بلاول کا ذکر آنا اس بات کی طرف اشارہ تھا کہ وہ ہمارا بھائی ہے، صدارت کی نشست اُن کو دیں گے اور وزیراعظم شہباز شریف بنیں گے۔ بعض مبصرین کہتے ہیں کہ یہ عہدوں کی تقسیم پی پی پی اور پی ایم ایل این پہلے ہی کر چکی ہیں، جس کا اعلان زرداری اسلام آباد میں مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کر چکے ہیں، کہ وزیراعظم شریف آدمی ہو گا۔ اس سے یہی ظاہر کیا گیا کہ وزیراعظم نون لیگ سے ہوگا، تو صدر یقینی طور پر پیپلز پارٹی کا ہی ہوگا۔ اس میں مولانا کہیں نظر نہیں آ رہے۔ اِسی بنیاد پر ہی مولانا نے سلیم صافی کے ذریعے میاں شہباز شریف کے رائے جاننا چاہی۔
شہباز شریف کی پالیسی پہلے دن سے یہی رہی ہے کہ وہ اسٹیبشلمنٹ کیساتھ ’’بنا کر‘‘ چلنے کے حامی رہے ہیں۔ اس انٹرویو میں بھی سلیم صافی کے فوج کے نیوٹرل ہونے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انہیں کسی بھی اپوزیشن رہنما نے یہ شکایت نہیں کی، کہ کسی کو فون آیا ہو اور کہا گیا ہو کہ یہ کرو اور یہ نہ کرو۔ کیا موجودہ فوجی قیادت کیساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں؟ اس سوال پر مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ فوج ہماری سرحدوں کی محافظ ہے، وہ سول اور عسکری قیادت میں پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں، ان کے قائد میاں نواز شریف کے دو ہی مطالبات ہیں، "شفاف انتخابات اور سویلین بالا دستی”۔ اگر شفاف انتخابات ہوتے ہیں تو ایک ایسی حکومت قائم ہوگی جو عوام کی خدمت کرے گی۔ شہباز شریف نے اس جواب میں موجودہ حکومت کو بنانے والے انتخابات کو بھی مشکوک قرار دے دیا ہے۔
یہ پاکستان کی بدقسمتی ہے، کہ کبھی شفاف انتخابات نہیں ہوئے۔ یہ راقم نہیں کہہ رہا بلکہ یہی سیاسی رہنما ہر الیکشن کے اختتام پر یہی کہتے ہیں، کہ یہ الیکشن شفاف نہیں تھے۔ پیپلز پارٹی اقتدار میں آ جائے تو، پی ایم ایل این الزام عائد کر دیتی ہے، کہ پی پی پی نے دھاندلی کی ہے اور اگر الیکشن شفاف ہوتے تو پی ایم ایل این الیکشن جیت جاتی۔ اور اگر پی ایم ایل این الیکشن جیت جائے تو پی پی پی کی جانب سے یہی الزام دوہرایا جاتا ہے، کہ الیکشن شفاف نہیں تھے۔ ان دونوں جماعتوں کے قائدین کے موقف کو مدنظر رکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں انتخابات کبھی بھی شفاف نہیں ہوتے۔ ہر بار دھاندلی ہوتی ہے۔ اب جبکہ پاکستان ایک نئے بلاک میں جا رہا ہے، خطے میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ دوستیاں بدل رہی ہیں۔ منظرنامے تبدیل ہو رہے ہیں، امریکہ خطے سے بوری بستر باندھ رہا ہے۔ تو ایسی صورتحال میں پاکستان وہ مورچہ ہے جسے خالی کرنے سے امریکہ کی خطے میں بساط مکمل لپیٹ دی جائے گی۔ شائد اسی وجہ سے امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان میں اس کا اثرو رسوخ قائم رہے۔ اس اثرو رسوخ کیلئے ہی وہ اپنے پتے کھیل رہا ہے۔
پاکستان میں حالیہ سیاسی بحران بھی امریکہ کی اِسی سازش کی کڑی ہے۔ امریکہ چاہتا ہے کہ کم از کم پاکستان میں ایسی حکومت ہو جو اس کی جی حضوری کرتی رہے۔ اگر پاکستان رشیئن بلاک میں چلا جاتا ہے، تو امریکہ کا خطے میں اثرورسوخ مکمل طور پر زیرو ہو جائے گا۔ افغانستان سے نکلنے، عراق میں مار کھانے، شام سے ذلیل ہونے کے بعد امریکہ نے روس یوکرائن مسئلہ کھڑا کر دیا، کہ کسی نہ کسی طرح اس کی ضرورت یہاں موجود رہے۔ اگر یوکرائن بھی روس نگل لیتا ہے، تو امریکہ کیلئے کوئی ایسا ملک نہیں بچے گا، جہاں اس کے قیام کا کوئی جواز رہ جاتا ہو۔ اس لئے امریکہ کی کوشش ہے کہ پاکستان میں کم ازکم اس کا اثرو رسوخ قائم رہے۔ مگر کپتان یہ سمجھتا ہے کہ وہ امریکہ جس نے اپنے اتحادی (پاکستان) پر دوست ہوتے ہوئے ڈورنز کے ذریعے اندھا دھند بمباری کی ہو، بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا ہو، دہشتگردوں کی آڑ میں جنازوں اور شادی کی تقریبات کو خاک و خوں میں غلطیدہ کر ڈالا ہو، وہ ہمارا دوست کیسے ہو سکتا ہے؟۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے اس سوال کا جواب امریکہ کے پاس بھی نہیں، وہ بھی اِس سوال پر آئیں بائیں شائیں کرنا شروع ہو جاتا ہے۔ ہاں ہمارے ماضی کے حکمرانوں کے پاس اس کا جواب ہے کہ انہوں نے اپنی کرپشن کی دولت اور اپنی اولادوں کو بیرون ملک سیٹل کروانے کیلئے امریکہ کی ہر بات کے سامنے سرِ تسلیم خم کیا۔ وائیٹ ہاوس کی پریس سیکرٹری نے جمعہ کو پریس کانفرنس کی، جس میں ایک صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے عوامی اجتماع میں خطاب میں کہا ہے کہ وہ دیگر پاکستانی سیاستدانوں کی طرح امریکہ کے غلام نہیں بنیں گے۔ اس پر آپ کیا تبصرہ کریں گی؟؟ تو جین ساکی نے کہا کہ امریکہ کے پاکستان کیساتھ پرانے تعلقات ہیں، اور یہ ایک ایسا رشتہ ہے، جسے ہم سفارتی ذرائع سے قائم رکھیں گے، لہذا میرے پاس اب اور کچھ کہنے کیلئے کچھ نہیں۔ جین ساکی کے اس جواب سے ایک بات تو کھل گئی کہ امریکہ صرف سفارتی ذرائع استعمال کرکے اس بات کا منتظر ہے کہ اقتدار میں وہ سیاستدان آئیں جو امریکہ کی غلامی کر سکیں۔ اسی لئے امریکہ نے اپنے غلاموں کو متحرک کر دیا ہے۔ ورنہ عمران خان کو تو اقتدار میں آئے ہوئے چار سال ہونے کو ہیں۔ اگر یہ دھاندلی اور غیر شفاف انتخابات سے اقتدار میں آئے تھے تو اپوزیشن کی ان جماعتوں کو اُس وقت شور کرنا چاہیئے تھا، یہ اب کیوں شور مچا رہی ہیں جب امریکہ کو کھری کھری سنائی جا رہی ہیں؟
موجودہ صورتحال اور منظر نامے سے یہی واضح ہوتا ہے کہ ان سیاست دانوں کو عوام کا کوئی درد نہیں، ان کو صرف اور صرف امریکی مفادات کا خیال ہے۔ اور یہ کٹھ پتلیاں امریکی ایماء پر ہی اُچھل کود کر رہی ہیں۔ لیکن عوام حقیقت جان چکے ہیں، اور امریکہ سے مکمل جان چھڑوانا چاہتے ہیں۔ عوام جانتے ہیں کہ امریکہ کی دوستی اس کی دشمنی سے زیادہ خطرناک ہے۔ اس لئے عوام یہی چاہتے ہیں کہ امریکہ کی دوستی کو ختم کرکے اُسے اُسکے حال پر چھوڑ دیا جائے اور پاکستان اپنی زندگی آزاد فضا میں گزارے۔ امریکی غلامی سے بہتر ہے ہم عوام آزاد فضا میں سانس لیں۔ اور اس کیلئے ہر قیمت چکانے کیلئے تیار ہیں۔ امریکہ مختلف پتے کھیل رہا ہے، سیاستدانوں کو حکومت کیخلاف استعمال کرنے کے بعد اب علماء سے بھی رابطوں میں تیزی آ گئی ہے۔ لاہور میں امریکی قونصل جنرل میکانیولے مختلف مکاتب فکر کے علماء سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ اِن ملاقاتوں کا کیا مقصد ہے، یہ روز روشن کی طرح عیاں ہے۔

































