
غزہ : حماس نے کہاہےکہ ہکابی کے بیانات استعماری ذہنیت کی عکاسی اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ ایسے بیانات غاصب اسرائیل کو کوئی قانونی حیثیت نہیں دے سکتے اور نہ ہی تاریخی و قانونی حقائق کو بدل سکتے ہیں۔ حماس نے ایک بیان میں مائیک ہکابی کے بیانات کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بیانات اس استعماری ذہنیت کے جوہر کو بے نقاب کرتے ہیں جس پر صیہونی منصوبہ قائم ہے اور یہ خطے کے ممالک کی خودمختاری اور ان کے عوام کے حقوق کی صریح توہین ہے۔ حماس نے متنبہ کیا ہے کہ دریائے نیل سے لے کر دریائے فرات تک پھیلی ہوئی زمینوں پر قبضے کی تشہیر عرب اور اسلامی ممالک کی قومی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔ حماس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فلسطینی عوام اپنے ثابت قدم قومی حقوق بشمول اپنی زمین، مقدسات اور حق خودارادیت پر سختی سے قائم رہیں گے۔
حماس نے عرب اور اسلامی ممالک کے قائدین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محض مذمت کی حد سے نکل کر ٹھوس موقف اپنائیں، غاصب اسرائیل کو تنہا کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں اور اس کے مذموم منصوبوں کا مقابلہ کریں۔


































