
لندن : برطانیہ میں زچگی کے امور میں خوفناک عدم مساوات سامنے آگئے۔ پارلیمنٹ کی وومن اینڈ ایکویلٹی کمیٹی کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ شعبہ صحت میں تفریق پیدا کرنے میں نسل پرستی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ سیاہ فام۔ ایشیائی اور غریب علاقوں کی خواتین میں دوران زچگی خوفناک حد تک شرح اموات سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ رپورٹ کے مطابق سفید فام کے مقابلے میں سیاہ فام خواتین میں دوران حمل، ولادت اور اس کے بعد سامنے آنے والی پیچیدگیوں میں اموات کا امکان چار گنا زیادہ ہوتا ہے۔ ایشیائی خواتین میں دُگنا جبکہ غریب علاقوں کی خواتین میں ڈھائی گنا زیادہ ہوتا ہے۔کمیٹی نے کہا کہ اسے تشویش ہے کہ حکومت اور نیشنل ہیلتھ سروس کی قیادت نے نسل پرستی کے کردار کا درست اندازہ نہیں لگایا ہے اور وہ شعبہ صحت سے نسل پرستی کے خاتمے کو اس کا حل سمجھ رہے ہیں۔


































